نوید پہلوان کی 14 سالہ بیٹی بھی انتقال کر گئیں۔۔ چاروں بچوں کی اچانک موت کی کیا وجہ بنی؟

ہماری ویب  |  Sep 18, 2025

گوجرانوالہ کے علاقے موڑ ایمن آباد میں پیش آنے والا ایک افسوسناک واقعہ پورے شہر کو سوگوار کر گیا۔ بین الاقوامی کبڈی پلیئر نوید پہلوان کی چودہ سالہ بیٹی ایمن فاطمہ بھی فوڈ پوائزنگ کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں۔ وہ گزشتہ دو دن سے چلڈرن اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، لیکن ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود جانبر نہ ہو سکیں۔ اس دل خراش سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد اب چار تک جا پہنچی ہے۔

اس سے پہلے نوید پہلوان کے تین ننھے بچے، گیارہ سالہ نور فاطمہ، آٹھ سالہ حیدر اور پانچ سالہ جنت بھی اسی زہرخورانی کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے تھے۔ یہ واقعہ 29 جون کو اس وقت پیش آیا جب نوید پہلوان کی اہلیہ اور ان کے چھ بچوں نے سالگرہ کی ایک تقریب میں مقامی ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا۔ تقریب خوشی کی جگہ تھی لیکن چند ہی گھنٹوں بعد خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔

کھانے کے بعد سبھی افراد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں معاملہ فوڈ پوائزنگ کا لگ رہا ہے، تاہم پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ابھی تک حتمی لیبارٹری رپورٹ جاری نہیں کی جس سے واضح ہو سکے کہ کھانے میں کون سا مضر صحت عنصر شامل تھا۔

پولیس نے ذمہ دار دکانداروں کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ایک خوشحال خاندان پر ٹوٹنے والی یہ قیامت کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے کہ کیا ہمارے شہروں میں فروخت ہونے والا کھانا محفوظ ہے اور کب تک ایسی لاپرواہی معصوم جانوں کو نگلتی رہے گی؟

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More