فلسطین و کشمیر کو حقِ خودارادیت دیے بغیر مستقل امن خواب ہی رہے گا: شہباز شریف

اردو نیوز  |  Sep 21, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’جب تک فلسطین کے مقبوضہ علاقے اور انڈیا کے زیرتسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت نہیں دیا جاتا، مستقل امن ایک خواب ہی رہے گا۔‘

وزیراعظم ہاؤس سے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق یہ بات وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ امن کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کو فخر ہے کہ اس نے عالمی امن کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تنازعات کی بنیادیں ختم نہ کی جائیں۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’یہ دن ہمیں سنجیدہ انداز میں اس امر کی یاددہانی کراتا ہے کہ امن کے فروغ کے لیے ہر فرد اور ہر قوم کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ امن کو مضبوط بین الاقوامی اداروں کے ذریعے پروان چڑھانا اور محفوظ رکھنا ہو گا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق پرامن ذرائع سے تنازعات کے حل کے عزم کو ایک بار پھر پختہ کرے۔‘

’اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں دہائیوں پر محیط شمولیت اور متاثرہ آبادیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنا پاکستان کی اُن کاوشوں کا حصہ ہے جن سے دنیا کے تنازع زدہ خطوں میں امن و استحکام کو فروغ ملا۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’آئیے اس عالمی یومِ امن پر ہم سب تعمیری اور اجتماعی عمل کا عہد کریں۔ ان ہتھیاروں کو خاموش کریں جو بے گناہوں کی جان لیتے ہیں، سفارت کاری پر دوبارہ اعتماد کریں اور تنازعات کو پرامن ذرائع سے حل کریں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More