معاذ صفدر پاکستان کے معروف اور نوجوان ڈیجیٹل کری ایٹر اور بزنس مین ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹک ٹاک سے کیا تھا اور آج وہ پاکستان کے بڑے یوٹیوبرز میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے یوٹیوب پر تقریباً 44 لاکھ 70 ہزار سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر 21 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ معاذ صفدر کو خاص طور پر فیملی ولاگز کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے۔
معاذ صفدر کی شادی صبا سے ہوئی ہے، جو خود بھی ایک مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں۔ صبا کے انسٹاگرام پر تقریباً 19 لاکھ فالوورز ہیں اور وہ اکثر اپنے شوہر کے کانٹینٹ میں نظر آتی ہیں۔ یہ جوڑا پہلے ہی ایک بیٹے باسل کے والدین ہے۔
حال ہی میں معاذ صفدر اور صبا نے خوشخبری دی ہے کہ ان کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ کراچی کے ایک اسپتال سے دونوں نے خوبصورت فیملی فوٹوشوٹ بھی شیئر کیا۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں معاذ اور صبا نے لکھا: "الحمدللہ، اللہ کے فضل سے ہمیں ایک اور بیٹے کی نعمت ملی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک بنائے، صراط مستقیم پر قائم رکھے اور اس کی زندگی کے ہر پہلو میں برکت عطا فرمائے۔ دنیا میں خوش آمدید ہمارے چھوٹے بیٹے، اب ہم چار ہو گئے ہیں۔"
معاذ صفدر اور صبا کی اس خوشی پر مداحوں، شوبز اور سوشل میڈیا کی مشہور شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ سب نے نومولود بیٹے کے لیے دعاؤں اور محبت کا اظہار کیا ہے۔