پاکستان کا غزہ منصوبے پر حماس کے جواب کا خیرمقدم

اردو نیوز  |  Oct 05, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ امن منصوبے پر حماس کے جواب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’حماس کے بیان نے جنگ بندی اور قیامِ امن کی ایک کھڑکی کھولی ہے، جسے ہمیں دوبارہ بند نہیں ہونے دینا چاہیے۔‘

سنیچر کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ ’الحمدللہ ہم جنگ بندی کے اتنے قریب ہیں جتنا اس نسل کشی کے فلسطینی عوام پر مسلط کیے جانے کے بعد کبھی نہیں تھے۔ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔‘

انہوں نے امریکی صدر اور عرب ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساتھ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکی، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادت کا بھی شکریہ  جنہوں نے صدر ٹرمپ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تاکہ فلسطینی مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔‘

وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ ’انشاء اللہ، پاکستان اپنے تمام شراکت داروں اور برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں دائمی امن کے لیے کام جاری رکھے گا۔‘

Alhamdolillah, we are closer to a ceasefire than we have been since this genocide was launched on the Palestinian people. Pakistan has always stood by the Palestinian people and shall always do so.

Gratitude is due to President Trump, as well as to leaderships of Qatar, Saudia…

— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 4, 2025

اسرائیل کو فوراً اپنے حملے بند کرنے چاہییں: دفتر خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کردہ غزہ امن منصوبے پر حماس کے جواب کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ’اسرائیل کو فوراً اپنے حملے بند کرنے چاہییں۔‘

سنیچر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یہ ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ فوری جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، غزہ میں معصوم فلسطینیوں کے خونریزی کا خاتمہ ہو، یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے، انسانی ہمدردی کی امداد کو بلا رکاوٹ یقینی بنایا جائے اور پائیدار امن کے لیے ایک قابلِ اعتماد سیاسی عمل کی راہ ہموار کی جائے۔‘

بیان میں اسرائیل سے فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’پاکستان غزہ میں امن کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتا ہے اور اُمید کرتا ہے کہ اس کے نتیجے میں ایک پائیدار جنگ بندی اور منصفانہ، جامع اور دیرپا امن قائم ہوگا۔‘

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اسرائیل کو فوراً اپنے حملے بند کرنے چاہییں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)بیان کے مطابق ’پاکستان اس عمل میں مثبت اور بامقصد کردار ادا کرتا رہے گا۔‘

پاکستان نے ایک مرتبہ پھر فلسطینی مقصد کے لیے اپنی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ ان کی جائز جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

’تاکہ وہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کو استعمال کرتے ہوئے ایک خودمختار، قابلِ عمل اور متصل فلسطینی ریاست قائم کر سکیں، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو، جیسا کہ بین الاقوامی قانون اور متعلقہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More