اسلام آباد : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) نے عالمی سطح پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کا کونسل پریزیڈنٹ سرٹیفکیٹ اپنے نام کرلیا۔
یہ اعزاز پاکستان کو بہترین سیکیورٹی اوور سائٹ پر دیا گیا ہے، جسے ملکی ایوی ایشن سیکٹر کے لیے تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ مونٹریال میں منعقدہ 42 ویں اکاؤ اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان کو یہ سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن نادر شفیع ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اعزاز وصول کیا۔
اکاؤ کی جانب سے یہ سرٹیفکیٹ اس بات کی توثیق ہے کہ پاکستان نے عالمی ایوی ایشن معیار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا ہے۔ بیان کے مطابق نادر شفیع ڈار کی قیادت میں پاکستان سول ایوی ایشن نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جن میں سیکیورٹی اقدامات کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانا شامل ہے۔
پاکستان کی بڑی پیش رفت
• یورپی یونین اور برطانیہ کے فضائی روٹس کی بحالی، جو ملکی ایوی ایشن کے لیے اہم سنگ میل ہے۔
• عالمی سطح پر پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر پر اعتماد کی بحالی۔
• خطے میں سیکیورٹی اوور سائٹ کے حوالے سے پاکستان کو ایک نمایاں مقام حاصل ہونا۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق یہ اعزاز پاکستان کے لیے نہ صرف عالمی سطح پر وقار میں اضافے کا باعث ہے بلکہ اس سے ملکی فضائی کمپنیوں کے لیے مزید بین الاقوامی مواقع کے دروازے بھی کھلیں گے۔
یہ کامیابی پاکستان کے عالمی ایوی ایشن فورمز پر ایک اور تاریخی سنگ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔