پاکستان اور افغانستان کے درمیان اے ایف سی ایشیا کپ میچ، ویزا مسائل حل کرنے کی کوشش

ہماری ویب  |  Oct 08, 2025

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اے ایف سی ایشیا کپ کا کوالیفائنگ میچ جمعرات کو اسلام آباد میں کھیلے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ افغان ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ان آرائیول ویزا فراہم کرے تاکہ میچ بغیر رکاوٹ کے کھیلا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق کابل میں پاکستانی قونصلیٹ کی طرف سے کچھ افغان کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزے جاری نہیں کیے جا سکے کیونکہ قانون کے مطابق جو کھلاڑی اور آفیشلز افغانستان فٹبال ٹیم میں شامل ہیں انہیں خود پاکستان ایمبیسی میں پیش ہونا ضروری تھا۔ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (AFC) کی ہدایات بھی یہی تھیں۔

افغانستان میں موجود کھلاڑی و آفیشلز تو پیش ہو گئے لیکن وہ کھلاڑی اور آفیشلز جو دیگر ممالک میں رہائش پذیر ہیں وہ پیش نہیں ہو پائے جس کے باعث اس اہم میچ کے نہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

اس صورتحال کے پیش نظر پی ایف ایف نے حکومت سے درخواست کی کہ کابل میں پیش نہ ہونے والے افغان کھلاڑی اور آفیشلز کو ان آرائیول ویزا جاری کیا جائے تاکہ میچ باقاعدہ کھیلا جا سکے۔

یاد رہے کہ پی ایف ایف میں پچھلے سالوں سے جاری انتظامی تنازعات فیفا کی نگرانی میں قوانین میں تبدیلی اور نئے صدر محسن جیلانی کے انتخاب کے بعد ختم ہو گئے ہیں جس سے فیڈریشن میں استحکام آیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More