کراچی اور ملحقہ ساحلی علاقوں کے لیے موسم سے متعلق تازہ ترین خبروں میں محکمہ موسمیات نے ایک نیا الرٹ جاری کیا ہے۔ بحیرہ عرب کے مشرقی وسطی حصے میں ہوا کے کم دباؤ کا ایک نیا نظام تشکیل پا چکا ہے، جو اگلے 36 گھنٹوں میں شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کی توقع ہے۔ یہ سسٹم کراچی سے تقریباً 1075 کلومیٹر جنوب مشرق کی سمت، 16.4 شمالی عرض البلد اور 71.9 مشرقی طول البلد پر واقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ نظام ابتدا میں شمال کی جانب پیش رفت کرے گا، تاہم فی الحال پاکستانی ساحلی پٹی کو کسی براہِ راست خطرے کا سامنا نہیں ہے۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے یا تبدیلی کی صورت میں عوام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں سے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپیل کی ہے کہ لوگ صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر بھروسا کریں، کیونکہ حتمی اندازہ اور پیشگوئی صرف اسی وقت ممکن ہوگی جب سسٹم پاکستانی حدود کے قریب پہنچے گا۔