خواب لے کر جانے والا اب تابوت میں واپس آئے گا۔۔ جرمنی میں زیرِ تعلیم اس پاکستانی نوجوان کی موت کیسے ہوئی؟

ہماری ویب  |  Jul 05, 2025

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے نے پاکستانی برادری کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان طالب علم، جو شدید گرمی سے بچنے کے لیے دوستوں کے ساتھ جھیل پر گیا تھا، پانی میں نہاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار بیٹھا۔

مومن عثمان، گوجرانوالہ کا رہائشی اور جرمنی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی ڈارمشٹاڈ میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ وہ اپنے ایک قریبی دوست کے ہمراہ فرینکفرٹ کے نواح میں واقع ایک جھیل پر پہنچا، جہاں انہوں نے گرمی کی شدت کم کرنے کے لیے پانی میں اترنے کا فیصلہ کیا۔

تاہم چند لمحوں بعد مومن اچانک دوست کی نظروں سے اوجھل ہو گیا۔ پہلے تو دوست نے یہی سمجھا کہ شاید وہ کسی جانب تیر کر گیا ہو، لیکن جب کافی وقت گزر گیا اور کوئی سراغ نہ ملا تو تشویش بڑھ گئی۔ جھیل کے اطراف موجود لوگوں نے تلاش شروع کی مگر ناکامی پر فوری طور پر پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی گئی۔

غوطہ خوروں کی مدد سے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد مومن کی لاش جھیل سے نکالی گئی اور اسپتال منتقل کر دی گئی۔ ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی تو یہ خبر نہ صرف مومن کے خاندان بلکہ جرمنی میں مقیم پاکستانی طلبہ اور کمیونٹی کے لیے ایک دل دہلا دینے والا لمحہ بن گئی۔

پاکستانی قونصل جنرل شفاعت کلیم خٹک نے واقعے کے فوراً بعد مقامی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ میت کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے فوراً بعد پاکستان منتقل کیا جائے تاکہ لواحقین اپنے بیٹے کی آخری رسومات اپنے وطن میں ادا کر سکیں۔

مرحوم کے جاننے والوں کا کہنا ہے کہ “مومن عثمان بہت ہی اچھا طالب علم تھا۔ ایک اچھا دوست اور کلاس فیلو تھا۔ نیو ہاسٹل میں رہتا تھا۔ مومن ڈگری کے پانچویں سمسٹر میں ترکیہ جانے والوں میں سے ایک تھا۔ سو واپسی پر اس نے ہمیں بھی باہر جانے کے دو سو طریقے بتائے۔ وہ الگ بات کہ ہم جانا نہیں چاہتے، سو ادھر ہی بیٹھے ہیں لیکن وہ آتا جاتا رہا اور بالآخر جرمنی کی ایک جھیل میں سوئمنگ کرتے ہوئے اللہ کو پیارا ہو گیا۔ بہت لائق فائق، ذہین ، ایکٹو اور سنجیدہ نوعیت کا طالب علم تھا البتہ حس مزاح بھی خوب پائی تھی “

مومن عثمان کی ناگہانی موت نے یورپ میں مقیم طلبہ اور نوجوانوں کو ایک بار پھر یہ احساس دلایا ہے کہ قدرتی عناصر سے لاپرواہی کبھی کبھار ناقابل تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ ایک باصلاحیت نوجوان، جو خواب لے کر دیارِ غیر گیا تھا، وہ واپسی اب ایک تابوت میں کرے گا — یہ دکھ الفاظ سے کہیں بڑا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More