کراچی میں توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ تھر اس وقت ملک کا سب سے زیادہ سستا بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ ہے گزشتہ چھ سالوں میں کوئلے سے 31 گیگا واٹ سے زائد بجلی تیار کی ہے تھرکول سے پیدا کردہ بجلی 30 لاکھ گھروں کو فراہم کی جا رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں مزید بجلی کے پلانٹ کو شروع کرنا ہوگا، بجلی کے بلوں میں کمی تب ہوگی جب ہم پیداوار بڑھا ئینگے، ابھی تک نوری آباد ہمارا کامیاب منصوبہ ہے، نوری آباد سے کراچی کو 100 میگا واٹ سب سے سستی بجلی فراہم کر رہے ہیں، ہمارا منصوبہ تھا کہ نوری آباد سے بجلی قریبی صنعتی علاقوں کو دیں مگر حیسکو نے کہا ہمارے پاس سرپلس توانائی ہے۔
ونڈ اور سولر میں پاکستان بھر میں سندھ رہنمائی کر رہا ہےتھر کی بجلی مٹیاری سے نیشنل گرڈ میں منتقل ہوتی ہے اسی طرح ونڈ پروجیکٹس کی بجلی بھی سیدھا نیشنل گرڈ میں شامل ہوتی ہے، تھر کے لوگوں کے پاس بجلی نہیں تھی، چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر 200 یونٹ کے صارفین کے بل سندھ حکومت دیتی ہے، تھر کول بلاک ٹو کے تمام گاؤں کو سولر رائیزڈ کیا گیا ہے۔
سید مراد علی شاہ کے ہمراہ توانائی کانفرنس میں وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ ، سعید غنی اور چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر بھی شریک تھے۔