راجستھان میں رواں برس 18 طلبا کی خودکشی، وجہ کیا ہے؟

اردو نیوز  |  Jul 14, 2025

انڈیا کی ریاست راجستھان کے شہر سیکر میں میڈیکل کے انٹری کے امتحان (این ای ای ٹی) کی تیاری کرنے والے 20 سالہ طالبعلم نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی رات کو پیش آیا۔

پولیس حکام کے مطابق اس افسوس ناک واقعے کے بعد ریاست بھر میں رواں برس طلبا کی خودکشیوں کی تعداد 18 ہو چکی ہے۔ خودکشی کے ان واقعات میں سے 16 راجھستان کے علاقے کوٹہ میں پیش آئے جبکہ سیکر اور جودھپور میں ایک ایک واقعہ رپورٹ ہوا۔

پولیس کے مطابق ’جان کی بازی ہار جانے والا طالب علم راجستھان کے علاقے بالوترہ کا رہائشی تھا اور تین روز قبل ہی سیکر کے ایک معروف کوچنگ ادارے میں اس نے تیاری کے لیے داخلہ لیا تھا۔ یہ طالبعلم ادھوگ نگر کے ایک ہاسٹل میں مقیم تھا جبکہ سنیچر کی رات اُس نے اپنے کمرے میں خودکشی کی۔‘

ادھوگ نگر تھانے کے سب انسپکٹر روہیتانش کمار نے بتایا کہ ’رات گئے جب اس کے دوستوں نے دروازہ کھٹکھٹایا تو کوئی جواب نہ ملا۔ ہاسٹل انتظامیہ نے دروازہ توڑا تو وہ کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی تحقیقات کے مطابق جمعے کو ہی اس نے کوچنگ کلاسز جوائن کی تھیں۔ جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی کا نوٹ برآمد نہیں ہوا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔‘

پولیس کے مطابق جائے حادثے سے کوئی نوٹ برآمد نہیں ہوا (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سب انسپکٹر کے مطابق ’تفتیش کے دوران یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ ہاسٹل کے کمرے میں خودکشی سے بچاؤ کے لیے نصب کیا جانے والا آلہ (اینٹی ہینگنگ ڈیوائس) کیوں نہیں نصب کیا گیا تھا۔‘

واضح رہے کہ کوٹہ اور سیکر میں حالیہ مہینوں میں طلبا کی خودکشی کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ ان شہروں میں ملک بھر سے ہزاروں طلبہ 10 ویں جماعت کے بعد مختلف مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے لیے آتے ہیں۔

ان واقعات کی روک تھام کے لیے ریاستی حکومت نے ستمبر 2023 میں ہاسٹلز اور کرائے پر دستیاب دوسری رہائش گاہوں کے لیے کچھ اہم ہدایات جاری کی تھیں۔ ان ہدایات میں کمروں میں سپرنگ والے پنکھے لگانے کی ہدایت بھی شامل تھی تاکہ اگر کوئی پنکھے سے لٹک کر اپنی جان لینے کی کوشش کرے تو اسے ناکامی ہو۔

یہ واقعہ اور رواں برس پیش آئے اس کے جیسے متعدد واقعات ایک بار پھر طلبہ کے ذہنی دباؤ، کوچنگ اداروں کی نگرانی اور حکومتی ہدایات پر عمل درآمد پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More