سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی سربراہی میں ڈرائیونگ لائسنس اور تربیتی شعبے کی کارکردگی پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ پولیس افسران، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز اور متعلقہ شعبہ جات کے ذمہ داران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس نے محکمے کی موجودہ کارکردگی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے حاصل ہونے والے فوائد پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ تمام اقسام کے لائسنس، جیسے لرنر، کار، ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی اور انٹرنیشنل لائسنس کے اجرا میں طے شدہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، ستمبر 2024 سے جولائی 2025 کے اختتام تک دو لاکھ سے زائد افراد کو آن لائن لرنر لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ آٹھ ہزار انٹرنیشنل لائسنس اور سولہ ہزار سے زائد لائسنس کی تجدید کا عمل بھی آن لائن مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کی بدولت لائسنس مراکز پر ہجوم میں واضح کمی آئی ہے، جو ایک مثبت قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے، اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں مکمل شفافیت، قابلیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ لائسنسنگ مراکز پر شہریوں کو بہتر سہولیات مہیا کی جائیں اور عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔
آئی جی سندھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مستقل لائسنس کے اجرا کے عمل میں تمام متعلقہ شعبوں کی ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا بدنظمی سے بچا جا سکے۔ اجلاس کا مرکزی نکتہ یہی تھا کہ عوامی سہولت کے ساتھ ساتھ قانون پر عملداری اور شفاف نظام کو یقینی بنایا جائے۔