پشاور : اثاثوں کی شفاف نگرانی کے لیے ای ریپوزٹری سسٹم متعارف

ہماری ویب  |  Sep 20, 2025

پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اپنے اثاثوں کے ریکارڈ کو جدید اور شفاف انداز میں منظم کرنے کے لیے ای ریپوزٹری سسٹم متعارف کیا ہے۔ یہ مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس ادارے کے تمام اثاثوں کی ڈیجیٹل مینجمنٹ کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام سے اثاثوں کی تفصیلات دیکھی جا سکیں گی۔

پی ڈی اے حکام کے مطابق اس نظام کا مقصد اثاثوں کی بہتر نگرانی، کنٹرول اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ غیر ضروری نقصانات اور ریکارڈ کی کمی کو ختم کیا جا سکے۔ اس سسٹم میں گاڑیاں، کمپیوٹرز، دفتری سامان، مشینری، زمین اور عمارتوں سمیت تمام اثاثے شامل ہوں گے۔

ای ریپوزٹری سسٹم کے ذریعے اثاثوں کا اندراج، اپ ڈیٹ، مقام یا کیٹیگری کے حساب سے ٹریکنگ کی جا سکے گی جبکہ نظام خودکار رپورٹس بھی تیار کرے گا جن میں گاڑیوں کی سروس شیڈول، مشینری کے استعمال کی شرح اور کسی مخصوص ڈائریکٹوریٹ کے پاس موجود اثاثوں کی فہرست شامل ہوگی۔

پی ڈی اے کے مطابق مستقبل میں اس سسٹم کو فنانس، پروکیورمنٹ اور پروجیکٹ مینجمنٹ سافٹ ویئرز کے ساتھ بھی منسلک کیا جائے گا تاکہ نئے اثاثے خریدتے ہی خودکار طور پر ڈیٹا بیس میں شامل ہوسکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کاغذی ریکارڈ کی جگہ ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم لے گا جس کے ذریعے درست اور تازہ ترین معلومات دستیاب ہوں گی اور سرکاری اثاثوں کے ضائع یا گم ہونے کے امکانات بھی کم سے کم ہوں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More