محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی کیسے ہوئی؟

اردو نیوز  |  Oct 07, 2025

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بطور اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کو نامزد کر دیا ہے۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں عمران خان کی ہدایات موصول ہو گئی ہیں، محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں ہمارے اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی ہم نے بھر دیے ہیں کل عامر ڈوگر اسے جمع کرا دیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اسی طرح سینیٹ میں ہمارے (اپوزیشن) لیڈر علامہ راجہ ناصر ہوں گے اور ان کے کاغذات بھی ہم کل جمع کرا دیں گے۔‘

خیال رہے کہ رواں برس چھ اگست کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نو مئی کے کیسز میں انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں سے سزائیں پانے والے پاکستان تحریکِ انصاف کے نو اراکین پارلیمان کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز شبلی فراز اور عمر ایوب خان بھی نااہل قرار دیے گئے اراکین پارلیمان میں شامل ہیں۔

عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے۔ اسی طرح سینیٹ میں شبلی فراز اپوزیشن لیڈر تھے۔ ان دونوں کی نااہلی کے بعد یہ دونوں عہدے خالی ہیں۔

الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق ان ارکانِ پارلیمان کو آئین کے آرٹیکل تریسٹھ ون ایچ کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے تحت سزا یافتہ شخص پارلیمان کا ممبر نہیں رہ سکتا۔

ان نامزدگیوں پر پی ٹی آئی کے اندر اختلاف کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہوتا جب عمران خان کی ہدایات ہمارے پاس آتی ہیں تو اس پر من و عن عمل ہوتا ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More