شہرِ قائد میں گرمی نے ایک بار پھر اپنی پوری شدت دکھا دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، مگر حدت ایسی ہے کہ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 46 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔
آج صبح کم سے کم پارہ 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ پر ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب بھی 76 فیصد تک جا پہنچا ہے، جس نے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
سمندری ہوائیں معمولی رفتار، یعنی 9 کلومیٹر فی گھنٹہ پر چل رہی ہیں، مگر ان کا اثر گرمی کے قہر کے آگے بے بس دکھائی دے رہا ہے۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔