صدر ٹرمپ دہائیوں پرانے تنازع کشمیر پر ثالثی کرنا چاہیں گے، امریکی وزارت خارجہ

اردو نیوز  |  Jun 11, 2025

امریکہ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور انڈیا کے درمیان دیرینہ تنازع کشمیر پر ثالثی کرنا چاہیں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران جب ترجمان ٹیمی بروس سے پوچھا گیا کہ کیا صدر انڈیا اور پاکستان کے دیرینہ تنازع کشمیر پر ثالثی کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں حیرانی کوئی بات نہیں ہے، صدر ٹرمپ ایسے کسی بھی معاملے میں ثالثی کرنا چاہیں گے۔‘

انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے ایسا اشارہ بھی دیا کہ ہو سکتا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان چلا آنے والا دیرینہ مسئلہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت مکمل ہونے سے پہلے حل ہو جائے تاہم مزید تفصیل نہیں بتائی۔

یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ کیا اس حوالے سے کوئی پراسس زیرغور ہے اور کیا دونوں ممالک کی قیادتوں کو بلایا جائے گا یا سلامتی کونسل کی قرارداد کی حمایت کی جائے گی؟

اس کے جواب میں ٹیمی بروس نے کہا کہ ’صدر کے ذہن میں کیا ہے میں اس پر تو بات نہیں کر سکتی البتہ اتنا جانتی ہوں کہ وہ نسلوں تک چلنے والے تنازعات کا حل چاہتے ہیں اور کشمیر کے معاملے پر بھی وہ ایسا ہی کرنا چاہیں گے۔‘

صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کے اعلان کے موقع پر کشمیر پر ثالثی کی پیشکش تھی (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے صدر ٹرمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ صرف اس کا اظہار ہی نہیں کرتے بلکہ حقیقت میں ایسے لوگوں کو مذاکرات کی میز تک لانے میں کامیاب ہوئے ہیں جن کے بارے میں ایسا ناممکن سمجھا جاتا تھا۔‘

 امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے یہ اشارہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پچھلے مہینے ہی جوہری طاقت کے حامل دو پڑوسی ممالک نے ایک دوسرے پر حملے کیے اور اس کے بعد صدر ٹرمپ نے دونوں کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

اس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور تناؤ میں تو کمی آئی تاہم کشمیر کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہو سکا تاہم امریکی صدر اس پر تسلسل سے بات کر رہے ہیں۔

ایسی ہی ایک اور پیش رفت کی تصدیق دفتر خارجہ کی ترجمان نے یہ کہتے ہوئے کی کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کے وفد نے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جن میں سیاسی امور کے انڈر سیکریٹری ایلیسن ہوکر بھی شامل تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون اور انڈیا پاکستان جنگ بندی کے بارے میں بات چیت ہوئی تاہم مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

پاکستانی وفد اس وقت دنیا کے اہم ممالک کے دورے پر ہے جو انڈیا کے ساتھ جنگ کے تناظر میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کر رہا ہے اور یہ لابنگ بھی کی جا رہی ہے کہ عالمی برادری انڈیا پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیر اور دیگر تنازعات پر مذاکرات کی طرف آئے۔

پاکستانی وفد اس وقت بھارت کے ساتھ محدود جنگ کے بارے میں اسلام آباد کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے اہم عالمی دارالحکومتوں کا دورہ کر رہا ہے جبکہ عالمی برادری سے لابنگ کر رہا ہے کہ وہ کشمیر اور دیگر مسائل پر مذاکرات کی طرف واپس آنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More