اداکار راشد محمود پرمشتعل افراد کا جان لیوا تشدد، قانونی کاروائی کا مطالبہ

سچ ٹی وی  |  Jun 12, 2025

پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں اداکار راشد محمود پر مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

 ذرائع کے مطابق مشتعل افراد نے گاڑی کی ٹکر لگنے کے بعد راشد محمود کو رحیم یار خان میں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا اور شناختی کارڈ بھی چھین کر لے گئے۔تشدد کے نتیجے میں اداکار کے چہرے اور سینے پر اندرونی چوٹیں آئیں۔

راشد محمود نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کو لینے رحیم یار خان کی جانب جا رہے تھے کہ اس دوران موٹر وے سے رحیم یار خان انٹرچینج کے قریب انہوں نے غلط سمت میں گاڑی موڑی، ایک سڑک پر چلتے چلتے وہ شیخ زید پل کے قریب پہنچ گئے۔ پل کے سامنے ایک ڈھلوان اور مٹی کا ٹیلہ تھا، اسی مقام پر ایک موٹر سائیکل تیز رفتاری سے آ رہی تھی، جس پر ایک مرد، تین خواتین اور دو بچے سوار تھے۔

راشد محمود نے کہا کہ موٹر سائیکل اتنی تیزی سے ان کی گاڑی سے ٹکرائی کہ وہ بھی خوفزدہ ہو گئے، حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار تمام افراد ایک جانب جا گرے، مگر کسی کو شدید چوٹ نہیں آئی۔ تاہم، اسی دوران قریبی افراد موقع پر پہنچ گئے اور بغیر تحقیق کئے تشدد شروع کر دیا۔

انہوں نے مشتعل افراد نے نہ صرف میری گاڑی کو نقصان پہنچایا بلکہ شناختی کارڈ اور دیگر اشیاء چھیننے کی کوشش بھی کی۔ اداکار راشد محمود کا کہنا تھا کہ اس دوران ایک نیک دل شخص نے ان کی مدد کی اور ہجوم سے بچا کر انہیں محفوظ مقام تک لے گیا اور پولیس کو اطلاع دی۔

بعد ازاں راشد محمود کو پولیس اسٹیشن سے کال موصول ہوئی جس میں ان سے رہائش اور فون نمبر کی تفصیل لی گئی۔ راشد محمود نے کہا کہ وہ اس واقعے سے شدید صدمے میں ہیں،اگر ان کے ساتھ کوئی اور ہوتا تو شاید وہ اس افسوسناک حملے سے بچ جاتے۔

راشد محمود کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More