وزیراعظم اماراتی صدر کی دعوت پراعلیٰ حکومتی وفد کے ہمراہ ابوظبی روانہ

سچ ٹی وی  |  Jun 12, 2025

وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر کی دعوت پر اعلیٰ حکومتی وفد کے ہمراہ ابوظبی روانہ ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پر یو اے ای روانہ ہو گئے۔ وزیرِ اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد بھی ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

اپنے سرکاری دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتِ حال سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔

یہ اہم دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اقتصادی تعاون کے فروغ اور خارجہ تعلقات کے استحکام کی کوششوں میں مصروف ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کا قریبی اتحادی اور قابلِ اعتماد شراکت دار رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More