خدیجہ سلیم نے شادی کیلئے انوکھا مطالبہ کردیا

سچ ٹی وی  |  Jun 13, 2025

اُبھرتی ہوئی اداکارہ خدیجہ سلیم کا کہنا ہے کہ انہیں شادی کا بہت شوق ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ کوئی ایسا شخص ملے جو اُن کے نخرے اٹھائے۔

خدیجہ سلیم نے حال ہی میں عید کے موقع پر ایک نجی چینل کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں آنے کے بعد ان کی کام چوری کی عادت ختم ہوگئی ہے، پہلے وہ بہت زیادہ کام چور تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میری امی میرے بہت نخرے اٹھاتی تھیں، لیکن شوبز میں آنے کے بعد ہر کام خود کرنا پڑتا ہے، زندگی اب کافی بدل گئی ہے، پہلے زندگی بہت آسان تھی، لیکن اب ہر چیز مشکل لگتی ہے۔

خدیجہ سلیم نے بتایا کہ نوعمری میں اُن کے چہرے پر بہت زیادہ دانے تھے، تاہم دوائیوں کے استعمال سے وہ ختم ہوگئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ اداکار فہد مصطفیٰ کو بہت پسند کرتی ہیں اور اگر کبھی ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ سے شادی کا بہت شوق ہے، میں چاہتی ہوں کہ میرا شوہر ایسا ہو جو میرا خیال رکھے، بغیر کہے میری بات کو سمجھ جائے کیونکہ میں بات چیت کے معاملے میں اچھی نہیں ہوں، اس لیے چاہتی ہوں کہ وہ میری دل کی باتیں بھی سمجھ سکے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اُن کا ہونے والا شوہر دکھنے میں بھی خوبصورت ہو، جس پر اکثر لوگ مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ تمہیں ایسا شخص کیسے ملے گا؟ کیا آرڈر پر بنواؤگی؟ تو میں انہیں یہی جواب دیتی ہوں کہ میں اللہ میاں سے مانگ رہی ہوں اور وہ مجھے ایسا شوہر ضرور دیں گے۔

خدیجہ سلیم نے مزید کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا شوہر کسی غیر ملکی مقام پر انہیں شادی کے لیے پروپوز کرے، شادی کی تقریبات شاندار ہوں اور وہ شخص ایسا ہو جو ان کے نخرے بھی خوب اٹھائے اور ان کی عادتیں اور بھی خراب کر دے۔

خیال رہے کہ خدیجہ سلیم نے مقبول ڈراما سیریل ’میم سے محبت‘ میں دنانیر مبین کی بہن کا کردار ادا کیا تھا اور اسی کردار کے باعث وہ ناظرین میں خاصی مقبول ہوئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More