ایران اور اسرائیل کے درمیان بھی انڈیا اور پاکستان کی طرح معاہدہ کرائیں گے: صدر ٹرمپ

اردو نیوز  |  Jun 15, 2025

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہیے، اور وہ اُن کا اسی طرح معاہدہ کرائیں گے جیسا انڈیا اور پاکستان کا کرایا تھا۔

اتوار کو ’ٹرتھ سوشل‘ پر ایک بیان میں امریکی صدر نے لکھا کہ ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہیے، اور ایک ایسا معاہدہ کریں گے، جیسا کہ انڈیا اور پاکستان کو اس معاملے میں امریکہ نے تجارت کا استعمال کرتے ہوئے دو بہترین لیڈروں کو ایسا کرنے پر آمادہ کیا۔‘

انہوں نے پاکستان اور انڈیا کی قیادات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ دونوں اطراف کے رہنماؤں نے سمجھداری دکھائی اور فوری طور پر جنگ روکنے کے نتیجے پر پہنچے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اس کے علاوہ میری پہلی مدت صدارت کے دوران سربیا اور کوسوو جنگ کی طرف جا رہے تھے کیونکہ وہ دہائیوں سے تنازعے میں تھے۔ میں نے ایسا ہونے سے روکا۔‘

انہوں نے سربیا اور کوسوو کے معاملے پر مزید کہا کہ ’بائیڈن نے کچھ انتہائی احمقانہ فیصلوں سے طویل مدتی امکانات کو نقصان پہنچایا ہے لیکن میں اس مسئلے کو دوبارہ ٹھیک کروں گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ایک اور معاملہ مصر اور ایتھوپیا کا ہے، اور ایک بڑے ڈیم پر ان کی لڑائی جس کا اثر دریائے نیل پر پڑ رہا ہے۔‘

امریکی صدر نے کہا کہ ’وہاں بھی میری مداخلت کی وجہ سے کم از کم اس وقت امن ہے، اور یہ اسی طرح رہے گا۔‘

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اسی طرح ہم جلد ہی اسرائیل اور ایران کے درمیان امن قائم کریں گے۔ اب بہت سی فون کالز اور ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ میں بہت کچھ کرتا ہوں، اور کبھی مجھے کسی چیز کا کریڈٹ نہیں ملتا مگر ٹھیک ہے، لوگ اس کو سمجھتے ہیں۔‘

انہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ ’مشرق وسطیٰ کو پھر سے عظیم بنائیں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More