باجرے کی روٹی کس چیز کے ساتھ کھاتے ہیں؟ بلاول بھٹو نے وزن میں کمی کی وجہ اور اپنا ڈائٹ پلان شیئر کردیا

ہماری ویب  |  Jun 30, 2025

"پہلے میں جم جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا، چائے میں تین چمچ چینی ڈال کر پیتا تھا، اب کاربوہائیڈریٹس چھوڑ دیے، صرف دال کے ساتھ باجرے کی روٹی کھاتا ہوں" بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بالآخر اپنی اچانک اور نمایاں جسمانی تبدیلی پر خاموشی توڑ دی۔ ان کے وزن میں حیران کن کمی دیکھ کر کئی لوگ گمان کر رہے تھے کہ وہ اوزمپک یا کسی جدید طریقے کا سہارا لے رہے ہیں، مگر حقیقت ان سب اندازوں سے کہیں مختلف نکلی۔

معروف صحافی رؤف کلاسرا کے ساتھ حالیہ پوڈکاسٹ میں بلاول نے اپنے وزن میں کمی کے پیچھے کی اصل کہانی خود بتائی۔ "میں سوشل میڈیا پر زیادہ وقت نہیں گزارتا، میمز بھی اگر کوئی وائرل ہو تو دوست بھیج دیتے ہیں، ورنہ میں خود دیکھنے کا شوقین نہیں ہوں،" بلاول نے ہنستے ہوئے کہا۔

اپنی صحت سے متعلق رویے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا: "میرے والد شوگر کے مریض ہیں، خاندان میں بھی یہ بیماری ہے، اس لیے مجھے لگا کہ وقت آ گیا ہے کہ میں بھی اپنی صحت پر توجہ دوں۔"

بلاول کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا جب وہ نہ صرف بے تحاشہ چینی استعمال کرتے تھے بلکہ حلیم، روٹیاں اور دوسرے بھاری کھانے ان کے پسندیدہ تھے۔ "میں ایک فیصد بھی فٹنس یا ورزش میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا،" انہوں نے صاف گوئی سے تسلیم کیا۔

لیکن اب، چیئرمین پیپلز پارٹی مکمل طور پر مختلف طرزِ زندگی اپنا چکے ہیں۔ "میں کاربوہائیڈریٹس سے مکمل پرہیز کرتا ہوں۔ میری پلیٹ میں اب دال کے ساتھ صرف باجرے کی روٹی ہوتی ہے۔ یہ معمول پچھلے دو سال سے اپنایا ہوا ہے،" انہوں نے بتایا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ جب سے انہوں نے پروٹین بڑھایا اور چینی و آٹے سے ناطہ توڑا، وہ خود کو زیادہ متحرک اور بہتر محسوس کرتے ہیں۔ ایک ایسی تبدیلی جس نے نہ صرف ان کی ظاہری شخصیت بدل دی بلکہ ان کی صحت کی ترجیحات کو بھی مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔

یہ سادہ مگر پائیدار تبدیلیاں، بلاول کے مطابق، کسی میجک ڈائٹ یا فٹنس پلان کا نتیجہ نہیں بلکہ خاندان کی بیماریوں سے سبق لینے اور سنجیدگی سے خود کو بدلنے کی کوشش کا عکس ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More