حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک غیر متوقع جوڑی کی خبریں توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بیٹی شیخہ مہرہ اور معروف امریکی ریپر فرنچ مونٹانا کو ایک ساتھ پیرس فیشن ویک میں دیکھا گیا، جس کے بعد سے دونوں کے قریبی تعلقات کی قیاس آرائیاں شدت اختیار کر گئی ہیں۔
پیرس کے مشہور فیشن ویک کے دوران شیخہ مہرہ اور فرنچ مونٹانا نہ صرف چند تقریبات میں ساتھ دکھائی دیے، بلکہ نجی محفلوں میں بھی ان کی ایک ساتھ موجودگی نے شوبز اور شاہی خبروں سے دلچسپی رکھنے والوں کو حیران کر دیا۔ اسی دوران شیخہ مہرہ کی ایک انسٹاگرام اسٹوری بھی زیر بحث رہی، جس میں وہ ایفل ٹاور کے سامنے ایک "لو لاک" تھامے نظر آئیں۔ ایک ایسی علامت جو اکثر جذباتی تعلقات اور رومانی پیغام رسانی کی نمائندہ سمجھی جاتی ہے۔ جس سے لوگوں نے شہزادی مہرہ کی دوسری شادی کی قیاس آرائیاں بھی شروع کردی ہیں۔ تاہم ابھی اس حوالے سے شیخہ مہرہ یا ان کے نئے دوست نے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
شیخہ مہرہ اب صرف ایک شاہی شخصیت نہیں رہیں، بلکہ وہ بزنس کی دنیا میں بھی قدم جما چکی ہیں۔ اپنی علیحدگی کے بعد انہوں نے "مہرا M1" کے نام سے پرفیومز کا برانڈ لانچ کیا، جس کا پہلا پرفیوم "ڈائیورس" کے نام سے متعارف ہوا۔ ایک ایسا نام جو بظاہر ذاتی زندگی کی ایک بڑی تبدیلی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یہ پرفیوم اس وقت ریلیز ہوا جب وہ 2024 میں اپنے شوہر شیخ مانا بن محمد المکتوم سے علیحدگی اختیار کر چکی تھیں۔ ان کی ایک بیٹی بھی ہے، جو مئی 2024 میں پیدا ہوئی۔
فرنچ مونٹانا، جن کا اصل نام کریم خربوش ہے، صرف میوزک کی دنیا کا مشہور چہرہ نہیں بلکہ افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں سماجی کاموں اور خیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کا خاندانی پس منظر مراکش سے جڑا ہوا ہے، جو مشرقی ثقافت سے ان کی دلچسپی کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
اب یہ تعلق محض ایک سماجی یا فیشن ایونٹس تک محدود دوستی ہے یا کچھ زیادہ، اس کا تعین وقت کرے گا۔ مگر سوشل میڈیا پر لوگ یہ ضرور سوچنے پر مجبور ہیں کہ کیا عرب شاہی خاندان کی یہ آزاد خیال شہزادی ایک نئے باب کی طرف بڑھ رہی ہیں؟ یا یہ محض بزنس، سماجی تعلقات اور اتفاقی ملاقاتوں کا مجموعہ ہے؟