کورنگی میں ڈکیتی کی بڑھتی وارداتیں، پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان

ہماری ویب  |  Jul 25, 2025

کورنگی میں سنار کی دکانوں پر ہونے والی پے درپے ڈکیتیوں نے سکیورٹی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا۔

تاجر کہتے ہیں کہ پہلے بھی دکانوں میں ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی ہیں لیکن پولیس کچھ نہیں کر سکی، اب تک نہ ملزمان پکڑے گئے نہ ہی ریکوری ہوئی ہے۔ کورنگی کے علاقے دو نمبر کی مارکیٹ میں دن دیہاڑے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر عبدالمتین نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل جبکہ کبیری نامی خاتون کو زخمی کردیا تھا اور ڈاکو جیولرز کی دکان سے طلائی زیورات چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ کورنگی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ مقتول سنار عبدالمتین کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

صرافہ مارکیٹ کے تاجروں نے "ہماری ویب" کو بتایا کہ پہلے بھی کئی بار وارداتیں ہوئی ہیں لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا پہلی بار کسی سنار کی جان گئی ہے، پوری برادری غم و غصے میں ہے، ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے اور متین بھائی کے قاتلوں کو گرفتار کر کے سزا دی جائے۔

واردات کے عینی شاہد نے بتایا کہ اتنی فائرنگ ہوئی کہ سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہوا، میرے کاؤنٹر پر بھی ایک فائر لگا ہے، میں تو کاؤنٹر کے نیچے بیٹھ گیا تھا اس لیے بچ گیا۔

ایک اور تاجر جنید نے بتایا کہ دو ڈکیت سامنے سے گلی میں داخل ہوئے جن کے ہاتھوں میں اسلحہ تھا، انھوں نے سب دکانداروں کو بیٹھنے کا کہا، ہم بیٹھے تو پیچھے گلی سے فائرنگ کی آواز آئی تو میں موقع دیکھ کر پیچھے کی طرف بھاگا تو وہاں متین بھائی زخمی تھے، پھر ہم ان کو دیکھنے لگ گئے جب تک ڈکیت فرار ہوگئے تھے۔

کورنگی دو نمبر کے ڈکیتی کے دوسرے دن زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی بھٹائی کالونی گراؤنڈ کے قریب بدھ کو دن دیہاڑھے جیولرز کی دکان سے مسلح ملزمان لاکھوں روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔

بسم اللہ جیولرز کے مالک ذاکر نے "ہماری ویب" کو بتایا کہ بدھ کی دوپہر ایک بجکر 3 منٹ پر کورنگی بھٹائی گراؤنڈ کے قریب میری جیولرز کی دکان میں مسلح ڈاکو داخل ہوئےاور اپنے ہمراہ لائے بیگ میں دکان کے شوکیس میں رکھا ہوا 25 سے 24 تولہ سونا جس میں پانچ سونے کے لاکٹ، تین گانی سیٹ، تین انگوٹھیاں، 18 جوڑے بندے اور جھمکے، چھ جوڑے پائپ بالیاں، چار عدد جینیس، 100 عدد لونگ، 20 عدد نتھنیاں، 32 عدد ٹاپس کی جوڑیاں، 80 ہزار مالیت چاندی کا سامان اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوئے جس کی مالیت 80 سے 90 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔

انھوں نے اعلیٰ حکام سے دکانداروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کل بھی کورنگی کی تین جیولرز کی دکانوں پر وادات ہوئی۔ اس حوالے سے سکیورٹی بھی الرٹ نہیں کی گئی ملزمان دن دیہاڑے باآسانی چند ہی سیکنڈ میں ہمار ی زندگی کی جمع پونچی لیکر فرار ہوگئے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو دے دی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈاکو شلوار قمیض جبکہ دیگر 2 ڈاکوؤں نے ٹی شرٹ اور ٹراؤز پہنا ہوا تھا جبکہ دکان میں سب سے پہلے داخل ہونے والے ڈاکو نے چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا جبکہ دیگر 2 ڈاکوؤں نے پی کیپ پہن رکھے تھے، واردات کے دوران شلوار قمیض میں ملبوس ڈاکو دکان کے باہر جا کر پہرہ دیتا ہوا دکھائی دیا جبکہ دکان میں موجود 2 ڈاکو اپنے ہمراہ لائے بیگ میں شوکیس میں رکھے ہوئے طلائی زیورات اور دیگر سونا بھرتے دکھائی دیئے اور چند منٹوں میں دکان کا صفایا کر کے باہر کھڑے موٹر سائیکلوں پر سوار اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بیٹھ کر فرار ہوگئے۔

محمد ذاکر نے بتایا کہ میری دکان میں پہلے دو بار چوری اور تین بارڈکیتی ہو چکی ہے آج تک کچھ بھی برآمدگی نہیں ہوئی ہے اور نہ ملزمان گرفتار ہوئے ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے یہاں آئے روزاسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بھی ہو رہی ہیں اور پولیس کچھ نہیں کر رہی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پولیس کو گشت بڑھا کر ہماری حفاظت کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ کورنگی کے دو تھانوں میں لگا تار 2 دنوں میں سناروں کو لوٹا گیا ہے جن کے مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں واقعے میں ایک سنار بھی جاں بحق ہو ا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More