کراچی: لیاری گینگ وار کا منشیات فروش اور بھتہ خور گرفتار

ہماری ویب  |  Jul 26, 2025

کراچی کے مختلف علاقوں میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور سی آئی اے پولیس کی کارروائیوں کے دوران پولیس مقابلوں میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے منشیات فروش اور بھتہ خور گرفتار کر لیے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

ایس آئی یو پولیس نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے گلشن مزدور میں کارروائی کی، جہاں ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ مقابلے کے دوران پولیس اہلکار نعیم گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت وزیر اور اظہر کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق لیاری گینگ وار کے کمانڈر کاشف ڈاڈا اور وسیع اللہ لاکھوں گروہ سے ہے۔

کارروائی میں ملزمان سے دو پستول، ایک موٹر سائیکل، چار لاکھ روپے نقدی اور 60 لاکھ روپے مالیت کی تنزانیہ نامی غیر قانونی منشیات برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ ملزمان پرانا گولی مار اور پاک کالونی کے علاقوں میں منشیات فروشی اور بھتہ خوری کا منظم نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ زخمی اہلکار اور ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری کارروائی میں ایس آئی یو پولیس نے مرزا آدم خان روڈ کے قریب ایک اور مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار کمانڈر شکیل عرف بادشاہ کے قریبی ساتھی ابو حریرہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ مقابلے کے دوران ملزم کا ایک ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔

ایس ایس پی شعیب میمن کے مطابق زخمی ملزم ابو حریرہ سے ایک پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزم کے خلاف بھتے کے مقدمات کلری تھانے میں درج ہیں، جہاں وہ مقامی دودھ فروش سے 30 لاکھ روپے بھتے کا مطالبہ اور جان سے مارنے کی دھمکی دے چکا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شکیل عرف بادشاہ اس وقت بیرون ملک سے اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے، اور اس کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More