پاکستان خلا کی وسعتوں میں ایک اور اہم قدم اٹھانے جا رہا ہے۔ پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ – X-SLC چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے 31 جولائی 2025 کو خلا میں بھیجا جائے گا۔
یہ سیٹلائٹ نہ صرف پاکستان کے موجودہ خلائی بیڑے میں ایک اہم اضافہ ہے بلکہ پی آر ایس ایس-1 (2018) اور ای او-1 (2025) کے بعد یہ پاکستان کا تیسرا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ ہوگا جو ملک کے خلائی انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
سپارکو کے مطابق X-SLC سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جو زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
سیٹلائٹ فصلوں کی نگرانی، پریسجن ایگریکلچر کے ذریعے فصلوں کی بہتر پیداوار،علاقائی منصوبہ بندی میں سہولت، اس کے علاوہ یہ نیا سیٹلائٹ قدرتی آفات کی پیشگی وارننگ کی نگرانی بھی کرے گا۔
سیٹلائٹ کے ذریعے گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور جنگلات کی کٹائی پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔
سپارکو کے مطابق یہ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی منصوبوں میں اہم کردار ادا کرے گا اور پاکستان کو خلائی ٹیکنالوجی کی دنیا میں مزید آگے لے جائے گا۔