آریان خان کی ’دی بیڈز آف بالی وڈ‘ تمام ریکارڈز توڑ دے گی: کرن جوہر

اردو نیوز  |  Aug 18, 2025

بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ہدایتکاری میں بننے والی ویب سیریز ’دی بیڈز آف بالی وڈ‘ کا ٹریلر اتوار کو جاری کیا گیا۔

’دی بیڈز آف بالی وڈ‘ آریان خان کی ڈیبیو ویب سیریز ہے جس کا ٹریلر اتوار کے دن بڑے جوش و خروش سے جاری کیا گیا۔

ٹریلر زیادہ تر ناظرین کی توقعات پر پورا اترا اور خوب داد سمیٹی۔

کئی فنکاروں اور مداحوں نے اس ٹریلر کو سراہا جن میں کرن جوہر جو خان خاندان کے قریبی دوست ہیں، بھی شامل تھے۔

کرن کا ماننا ہے کہ جب یہ شو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگا تو یہ تمام ریکارڈز توڑ ڈالے گا۔

کرن جوہر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لکھا کہ ’آریان! تم سے محبت ہے! یہ شو تمام ریکارڈز توڑ دے گا! مجھے تم پر بہت فخر ہے۔‘

کرن جوہر نے اداکار لکشیا کو بھی نیک خواہشات دی، جو کہ اس سیریز کے مرکزی اداکاروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’ہمارا لڑکا اس شاندار سیریز میں مرکزی کردار میں جگمگا رہا ہے، یہ دیکھ کر بہت فخر محسوس ہو رہا ہے! ریڈ کارپٹ تمہارے لیے تیار ہے  لکشیا جاؤ، چھا جاؤ۔‘

یاد رہے کہ لکشیا نے نکھل ناگیش بھٹ کی ہارر ایکشن فلم ’کل‘ میں کام کیا تھا، جو پچھلے سال ریلیز ہوئی تھی اور اسے ناقدین نے خوب سراہا تھا۔ لکشیا اصل میں ’دوستانہ 2‘ کے ذریعے ڈیبیو کرنے والے تھے، مگر وہ فلم منسوخ کر دی گئی۔

’کل‘ کو کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز اور گنیت مونگا کی سکھیا انٹرٹینمنٹ نے مل کر پروڈیوس کیا تھا۔

’دی بیڈز آف بالی وڈ‘ کو آریان خان نے تحریر اور ہدایتکاری کی ہے جبکہ اس کی پروڈیوسر آریان کی والدہ گوری خان ہیں۔

اس شو میں بوبی دیول، منوج پاھوا، مونا سنگھ، منیش چودھری، رگھو جویال، انیا سنگھ، وجینت کوہلی اور گوتامی کپور بھی شامل ہیں۔

یہ سیریز رواں سال نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More