صحافی پر تشدد کا مقدمہ درج : علیمہ خان کی گرفتاری کا فیصلہ کرلیا گیا

ہماری ویب  |  Sep 09, 2025

اسلام آباد : تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی گرفتاری کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے خلاف صحافیوں کی جانب سے مقدمہ درج کرائے جانے کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں انہیں حراست میں لے لیا جائے گا۔

گزشتہ روز علیمہ خان کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد میڈیا نمائندگان کی شکایات پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس حکام نے اعلیٰ سطح کی مشاورت کی جس کے نتیجے میں گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے اور کسی بھی شخص کو استثنیٰ حاصل نہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے قریبی ذرائع نے علیمہ خان کی ممکنہ گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ہراساں کرنے کے لیے ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ادھر سیاسی اور صحافتی حلقوں میں بھی اس پیش رفت پر گرما گرم بحث جاری ہے۔ صحافی تنظیموں نے واقعے پر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر کسی قسم کی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت کا مؤقف ہے کہ مقدمہ بے بنیاد ہے اور گرفتاری کا مقصد سیاسی دباؤ بڑھانا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر علیمہ خان کو آج گرفتار کیا جاتا ہے تو انہیں ابتدائی طور پر مقامی تھانے منتقل کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More