بلوچستان کو گیس کی فراہمی میں امتیازی سلوک ناقابل قبول ہے، عدالت عالیہ

ہماری ویب  |  Oct 01, 2025

کوئٹہ: عدالت عالیہ بلوچستان نے گیس کی تقسیم کے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے ساتھ امتیازی رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے قرار دیا کہ صوبے کو گیس کی ناکافی فراہمی آئین کے آرٹیکل 158 اور مساوی سلوک کے اصول کی خلاف ورزی ہے۔

سندھ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGCL) کی پیش کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان کو صرف 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ پنجاب کو 407 ایم ایم سی ایف ڈی اور سندھ کو 198 ایم ایم سی ایف ڈی دی جارہی ہے۔ عدالت نے اس صورتحال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے گیس کی تقسیم کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔

دو رکنی بینچ نے حکم دیا کہ ایس ایس جی سی ایل اور حکومت بلوچستان آئندہ سماعت پر صوبے کے تمام اضلاع و تحصیلوں میں گیس فراہمی کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ چیف سیکریٹری بلوچستان کو بھی ہدایت کی گئی کہ وفاقی حکومت کے ساتھ پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کریں۔

عدالت عالیہ بلوچستان نے سردیوں کی شدت کے پیش نظر کوئٹہ میں گیس پریشر بڑھانے کا فوری حکم بھی جاری کیا۔ کیس کی مزید سماعت 4 نومبر 2025 کو ہوگی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More