ڈینمارک اور ناروے کے بعد جرمنی کی فضاؤں میں ڈرونز کی موجودگی، متعدد پروازیں منسوخ

اردو نیوز  |  Oct 03, 2025

جرمنی کے شہر میونخ کی فضاؤں میں متعدد ڈرونز دیکھے گئے ہیں جس کے بعد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میونخ ایئرپورٹ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کی رات کو روانہ ہونے والی 17 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جس سے تقریباً 3 ہزار مسافر متاثر ہوئے۔

جبکہ میونخ ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی 15 پروازوں کو دیگر شہروں کی جانب موڑا گیا ہے۔

میونخ ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنے بیان میں پروازیں دوبارہ شروع ہونے کے حوالے سے واضح نہیں کیا۔

پولیس ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعرات کی شام سات بجے ایئر پورٹ کے ارد گرد فضا میں ڈرونز دیکھے گئے تھے جس کے بعد ایک گھنٹے کے لیے رن وے کو لینڈنگ یا ٹیک آف کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

جرمن حکام نے ڈرونز کی شناخت کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹرز بھی تعینات کیے گئے تھے تاہم ڈرونز کی ساخت اور تعداد کے حوالے سے معلومات نہیں مل سکیں۔

اس سے قبل ڈینمارک، ناروے اور پولینڈ میں بھی ڈرونز کے باعث پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں جس کے بعد جرمنی بھی ہائی الرٹ پر ہے۔

جمعرات کو یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کا اجلاس ڈینمارک میں منعقد ہوا جس میں دفاع کی مضبوطی کے لیے ’ڈرون وال‘ کی تجویز پیش کی گئی۔

جرمن حکام نے ڈرونز کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خطرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ملک کی فضائی حدود میں ڈرونز دکھائی دیے تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More