پاکستان دنیا کی دوسری بہتر کارکردگی دکھانے والی معیشت قرار، ڈیفالٹ رسک مزید کم

ہماری ویب  |  Oct 05, 2025

اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے بلوم برگ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان نے گزشتہ 15 ماہ کے دوران خودمختار قرضوں کے ڈیفالٹ رسک میں نمایاں کمی کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی معیشت کو سب سے تیزی سے مستحکم کرنے والے ممالک میں شامل کرلیا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان عالمی سطح پر ڈیفالٹ رسک میں کمی کے لحاظ سے ترکی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ جون 2024 سے ستمبر 2025 تک کے عرصے میں پاکستان نے 2200 بیسس پوائنٹس کی غیر معمولی کمی ریکارڈ کی، جو کسی بھی ابھرتی ہوئی معیشت کے لیے ایک بڑا مالیاتی سنگ میل ہے۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ پاکستان واحد ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس نے پچھلے ایک سال کے دوران مسلسل ہر سہ ماہی میں ڈیفالٹ رسک میں بہتری دکھائی ہے۔

بلوم برگ کے اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان کی کارکردگی نے جنوبی افریقہ (-3%)، ال سلواڈور (-1.95%) سمیت کئی دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ ارجنٹینا، مصر، نائیجیریا جیسے ممالک میں ڈیفالٹ رسک میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق، پاکستان کے ڈیفالٹ رسک میں یہ نمایاں کمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان کی معاشی بہتری کے اس عمل کی بنیاد درج ذیل عوامل پر رکھی گئی:

• معاشی استحکام اور مالی نظم و ضبط

• ساختیاتی اصلاحات (Structural Reforms)

• قرضوں کی بروقت ادائیگی

• آئی ایم ایف پروگرام پر مسلسل عملدرآمد

• عالمی ریٹنگ ایجنسیوں (S&P, Fitch, Moody’s) کی جانب سے مثبت درجہ بندی

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بہتری پاکستان کے لیے سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں ملک کی ساکھ کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ: ’’پاکستان ابھرتی ہوئی معیشتوں میں سے ایک ایسا ملک بن گیا ہے جو اپنی مارکیٹ کریڈیبلٹی کو دوبارہ قائم کرنے میں کامیاب ہو رہا ہے اور عالمی سطح پر ایک مثبت معاشی کہانی کے طور پر اُبھر رہا ہے۔‘‘

یہ رپورٹ پاکستان کے لیے ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے کہ ملک کی معیشت بحالی اور اعتماد کی نئی راہ پر گامزن ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More