لاہور ہائیکورٹ نے ریسٹورنٹس کی جانب سے وقت کی پابندی نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور وقت کی پابندی نہ کرنے والے ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ریسٹورنٹس رات 12بجے ریسٹورنٹ بند ہوں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے آج پھر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ماحولیاتی تبدیلی اہم معاملہ ہے اس پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
عدالتی کمیشن کے رکن نے بتایا کہ پنجاب کے 760 کالجز میں شجر کاری ہوگی۔ عدالت نے باور کرایا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر نہر پر کوئی درخت نہیں کٹے گا۔ عدالت نے تجویز دی کہ میاواکی طرز پر جنگل اُگایا جائے۔ میاواکی طرز پر لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے علاقے میں درخت لگائیں۔
عدالت نے استفسار کیاکہ سموگ ایمیشن اینالائزر مشین کا افتتاح ہونا تھا اس کا کیا بنا؟
سرکاری وکیل نے بتایا کہ افتتاح ہونا تھا لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ڈی جی پی ایچ اے کے درختوں کی کٹائی کے بارے میں بیان پر رپورٹ طلب کی تھی۔
پی ایچ اے وکیل نے بتایا کہ ڈی جی پی ایچ اے کا درختوں کی کٹائی کے متعلق بیان پرانا ہے۔ ابھی ڈی جی کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
عدالت نے باور کرایا کہ ڈی جی کو اپنے بیان پر وضاحت کرنی چاہیے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخت کاٹنے والوں کے خلاف کارروائی سے متعلق آج حکم جاری کیا جائے گا۔ جسٹس شاہد کریم نے باور کرایا کہ یلو لائن منصوبے پر انڈیپنڈنٹ کنسلٹنٹ کا آرڈر کردیا ہے۔
عدالتی کمیشن کے رکن نے بتایا کہ اسلام آباد جاتے ہوئے شیخوپورہ میں کالا سیاہ دھواں دیکھا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ہرن مینار کے قریب دھواں چھوڑنے والے بھٹے کو فوری بھاری جرمانہ کریں، عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ شیخوپورہ میں تمام بھٹہ مالکان کو آگاہ کردیں خلاف ورزی ہوئی تو بھٹہ گرا دیا جائے گا۔ درخواستوں پر مزید سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔