سنہ 2025 کی وہ بالی وُڈ فلمیں جن کا شائقین کو بے تابی سے انتظار ہے

اردو نیوز  |  Oct 18, 2025

سال 2025 بالی وڈ کے لیے نہایت پُرجوش اور فلمی دنیا میں ہلچل مچانے والا ثابت ہونے جا رہا ہے کیونکہ آنے والے مہینوں میں کئی بڑی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

شوبز پر رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ نے آئندہ ریلیز ہونے والی فلموں کی فہرست جاری کی ہے جن کا شائقین کو بے چینی سے انتظار ہے۔

’دے دے پیار دے ٹو‘

’دے دے پیار دے ٹو‘ سنہ 2019 ریلیز ہونے والی سُپرہٹ فلم ’دے دے پیار دے‘ کا سیکوئل ہے جسے انشل شرما نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں اجے دیوگن، آر مادھون اور رکل پریت سنگھ شامل ہیں۔

’ٹی سیریز فلمز‘ اور ’لو فلمز‘ کے جھنڈے تلے پروڈیوس کی گئی اس فلم کی شوٹنگ انڈیا اور لندن میں کی گئی ہے جبکہ یہ رواں برس 14 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

’تھمّا‘

’تھمّا‘ ایک ہارر کامیڈی رومانوی فلم ہے جس کی ہدایت کاری آدتیہ سرپوتدار نے کی ہے۔

فلم میں آیوشمان کھُرّانہ کے ساتھ رشمیکا مندانہ، نوازالدین صدیقی اور پاریش راول اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم میڈاک ہارر کامیڈی یونیورس کی پانچویں قسط ہے اور اسے رواں ماہ کی 21 تاریخ کو دیوالی کے موقعے پر ریلیز کیا جائے گا۔

’دھو رندھر‘

’دھرندھر‘ ایک ہائی ایکشن جاسوس تھرلر فلم ہے جسے آدتیہ دھر نے لکھا ہے اور اس کی ڈائریکشن بھی کی ہے۔

فلم میں رنویر سنگھ، سنجے دت، آر مادھون، ارجن رامپال، اکشے کھنہ، سارا ارجن اور راکیش بیدی شامل ہیں۔ یہ فلم رواں برس دسمبر کی پانچ تاریخ کو ریلیز کیا جائے گا۔

’تیرے عشق میں‘

’تیرے عشق میں‘ ایک رومانوی ڈرامہ فلم ہے جس میں کریتی سینن اور دھنوش مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کا نام سنہ 2023 میں کلرز ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک سپرنیچرل فینٹسی شو تیرے عشق میں گھائل سے ملتا جلتا ہے مگر یہ فلم مکمل طور پر الگ کہانی اور فارمیٹ رکھتی ہے۔

شائقین کریتی سینن اور دھنوش کی جوڑی کو پہلی بار بڑے پردے پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔

’ایک دیوانے کی دیوانیت‘

’ایک دیوانے کی دیوانیت‘ ایک رومانوی ڈرامہ فلم ہے جس کی ہدایت کاری ملپ زاویری نے کی ہے۔

فلم میں ہرش وردھن رانے اور سونم باجوہ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ دیسی موویز فیکٹری کے بینر تلے پروڈیوس کی گئی یہ فلم رواں ماہ کی 21 تاریخ کو دیوالی کے موقعے پر ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More