ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں پاکستانی جیت کا آغاز

سماء نیوز  |  Jan 25, 2021

ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ کے اعصاب شکن مقابلے جاری ہیں جس میں پاکستان کو اپنے پہلے ہی معرکے میں کامیابی حاصل ہوئی۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی دنیا کی پہلی آن لائن ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کا آغاز ہفتے کو مقامی دواساز ادارے فارم ایوو گیسٹ ہاؤس پر ہوا جہاں آن لائن اسکریبل چیمپئن شپ کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ انتظامات کیے گئے ہیں۔

پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چیمپیئن شپ کو اسپانسر کررہی ہے اور ایونٹ کو گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ کپ کا نام دیا گیا ہے جب کہ دوا ساز ادارہ ٹورنامنٹ کے لیے جگہ اور دیگر تکنیکی معاونت فراہم کررہا ہے۔

چیمپئن شپ کے پہلے روز انڈیا نے انڈونیشیا کو 29-7 کے اسکور سے گروپ بی میں شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں میں سری لنکا نے ناتجربہ کار نیپالی ٹیم کو 30-6 کے سکور سے شکست سے دوچار کیا۔پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز کے مطابق اتوار کے روز کے 12 مقابلے ہوئے اور پاکستان کے سید عماد عماد علی اور ہشام ہادی نے رومانیہ اور فلپائن کے کھلاڑیوں کو شکست فاش سے دوچار کیا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور اگر پاکستانی کھلاڑی ہانگ کانگ کو بھی شکست دے دیتے ہیں تو اپنے گروپ میں پاکستان کی پہلی پوزیشن ہو گی۔

منتظمین کے مطابق اتوار کے روز سب سے دلچسپ مقابلہ سنگاپور اور برطانوی ٹیموں کے درمیان پیش آیا جب دونوں ٹیموں کا مقابلہ 18- 18 سے برابر رہا جبکہ ایک اور میچ میں ملائیشیا کی ٹیم نے امریکی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

منتظمین کے مطابق پیر کے روز 10 مقابلے چلے ہوں گے جس کے بعد پہلا راؤنڈ مکمل ہو جائے گا اور کوارٹر فائنل کے لیے ٹیموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

پاکستانی اسکواڈ میں سابق ورلڈ یوتھ چیمپئین اور قومی چیمپئن سید عماد علی، سابق نیشنل چمپئین حشام ہادی خان، علی واصف، محمد عثمان شوکت، علی سلمان، مونس حسین خان شامل ہیں جبکہ صائم وقار اور شانِ عباس کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کی میزبانی میں منعقد د ہونے والی اس چیمپئین شپ میں دنیا کے 5 براعظموں کے 16 ممالک سے 96 کھلاڑی شریک ہیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ایونٹ 3 مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ پہلا مرحلہ 22 سے 24 جنوری، دوسرا 30 سے 31 جنوری جبکہ تیسرا اورآخری مرحلہ 6 سے 7 فروری تک ہوگا۔

اسکریبل کی عالمی تنظیم ویسپا نے اس چیمپیئن شپ کی میزبانی کے لئے پاکستان کا انتخاب کیا ہے، کوویڈ 19 کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پہلی بار چیمپیئن شپ کا انعقاد آن لائن ہورہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More