پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ آج لاہور میں ہوگا

اردو نیوز  |  May 28, 2025

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سیریز کے پہلے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے ہو گا جبکہ میچ کا آغاز آٹھ بجے ہو گا۔

میچ سے قبل منگل کو سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی جبکہ دونوں ٹیموں نے لاہور میں بھرپور پریکٹس بھی کی۔

اس موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کل ایک نہایت مفید اور نتیجہ خیز پریکٹس سیشن کیا ہے اور لڑکے ایک متحد یونٹ کے طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

’ہماری ٹیم کے بہت سے کھلاڑی حال ہی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں شاندار پرفارمنس دے کر آ رہے ہیں، جو دنیا کی سب سے بہترین ٹی 20 لیگز میں سے ایک ہے۔ ہم اسی فارم اور مومینٹم کو اس سیریز میں لے جانے کی امید رکھتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بنگلہ دیش ایک معیاری ٹیم ہے جس کے پاس باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور ہم ان سے ایک زبردست مقابلے کی توقع رکھتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو اگلے چند دنوں میں نہایت سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔‘

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’میں شائقین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں سٹیڈیم آئیں اور نہ صرف ہماری حمایت کریں بلکہ کرکٹ کو بھی سراہیں۔‘

دوسری جانب بنگلا دیشی کپتان لٹن داس کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایک اچھا ٹریننگ سیشن کیا ہے اور یہاں کے حالات سے اچھی طرح واقف ہیں۔‘

’کھلاڑی اس سیریز کے لیے پُرجوش ہیں، ہر کوئی مکمل طور پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور سب کو اس چیلنج کا بخوبی اندازہ ہے جو پاکستان، خاص طور پر اپنی ہوم کنڈیشنز میں پیش کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سیریز ہر کھلاڑی کے لیے خود کو منوانے کا ایک بہترین موقع ہے، ہم آئندہ سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں کچھ کمبینیشنز آزما رہے ہیں اور یہ دورہ اس عمل کا ایک قیمتی حصہ ہے۔‘

واضح رہے کہ بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان بقایا دو میچز بھی قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More