پہلا ٹی 20: پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ، دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے

اردو نیوز  |  May 28, 2025

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز ہو گیا ہے۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان نے تین اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

میچ سے قبل منگل کو سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی جبکہ دونوں ٹیموں نے لاہور میں بھرپور پریکٹس بھی کی۔

اس موقع پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کل ایک نہایت مفید اور نتیجہ خیز پریکٹس سیشن کیا ہے اور لڑکے ایک متحد یونٹ کے طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

’ہماری ٹیم کے بہت سے کھلاڑی حال ہی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں شاندار پرفارمنس دے کر آ رہے ہیں، جو دنیا کی سب سے بہترین ٹی 20 لیگز میں سے ایک ہے۔ ہم اسی فارم اور مومینٹم کو اس سیریز میں لے جانے کی امید رکھتے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بنگلہ دیش ایک معیاری ٹیم ہے جس کے پاس باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور ہم ان سے ایک زبردست مقابلے کی توقع رکھتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو اگلے چند دنوں میں نہایت سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔‘

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ’میں شائقین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں سٹیڈیم آئیں اور نہ صرف ہماری حمایت کریں بلکہ کرکٹ کو بھی سراہیں۔‘

دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ایک اچھا ٹریننگ سیشن کیا ہے اور یہاں کے حالات سے اچھی طرح واقف ہیں۔‘

’کھلاڑی اس سیریز کے لیے پُرجوش ہیں، ہر کوئی مکمل طور پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور سب کو اس چیلنج کا بخوبی اندازہ ہے جو پاکستان، خاص طور پر اپنی ہوم کنڈیشنز میں پیش کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سیریز ہر کھلاڑی کے لیے خود کو منوانے کا ایک بہترین موقع ہے، ہم آئندہ سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں کچھ کمبینیشنز آزما رہے ہیں اور یہ دورہ اس عمل کا ایک قیمتی حصہ ہے۔‘

واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان بقایا دو میچز بھی قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیونفخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، سلمان علی آغا (کپتان)، حسن نواز، شاداب خان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، حسن علی، حارث رؤف اور ابرار احمد پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں.

بنگلا دیش کی پلیئنگ الیونتنزید حسن، پرویز حسین ایمان، لٹن داس (کپتان)، توحید ہردوئی، مہدی حسن، جاکر علی، شمیم حسین، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود اور شرف الاسلام بنگلا دیش کی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More