انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن ٹی20 کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان کی سپنر سعدیہ اقبال پہلے نمبر پر آ گئی ہیں۔
کرک انفو کے مطابق ان سے قبل انگلینڈ کی سوفی ایکلیسٹون ٹاپ پوزیشن پر تھیں تاہم وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز سے باہر ہو جانے کے بعد پہلی سے چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہیں اور یوں یہ سعدیہ اقبال کے حصے میں آ گئی۔
بائیں ہاتھ سے گیند پھینکنے والی سعدیہ اقبال نے کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے کھیل ککو بہتر بنانے میں سابق کرکٹر ثنا میر نے ان کا بہت ساتھ دیا۔
اسی طرح حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ہونے والے ایک ویڈیو بیان میں بھی سعدیہ اقبال نے ثنا میر کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فی میل کرکٹ میں بہت تجربہ رکھتی ہیں اور اپنے دور کی نمبر ون بولر رہی ہیں۔
آئی سی سی کی مزید رینکنگ کچھ یوں ہے کہ انگلینڈ ویسٹ انڈیز ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی لارین بیل 13 درجے ترقی پاتے ہوئے چھٹے نمبر پر آ گئی ہیں اور لنسی سمتھ نے 37 اور ایسی وونگ نے 32 درجے ترقی پائی ہے۔
ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز میں اگرچہ ویسٹ انڈیز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم اس کی کپتان ہیلی میتھیوز کی انفرادی کارکردگی کافی بہتر رہی، جس پر وہ پوری سیریز میں سب سے زیادہ 177 رنز بنانے والی کھلاڑی ٹھہریں، جس میں ایک سینچری بھی شامل تھی۔اس کے بعد ان کو رینکنگ میں دو درجے ترقی ملی اور اب وہ فہرست میں ہیتھ مونی کے پیچھے ہیں۔اسی طرح انگلش فی میل ٹیم کی نئی کپتان سکیور برنٹ نصف سینچری بنانے کے بعد ٹی20 سیریز کی ٹاپ ٹین فہرست میں شامل ہو گئی ہیں اور اس وقت نویں نمبر پر ہیں۔
اسی طرح سیریز میں رنز کے مطابق تیسرے نمبر پر رہنے والی سوفیا ڈنکلے نے آٹھ درجے ترقی پائی اور فہرست میں 29ویں نمبر پر ہیں۔