جہلم پولیس نے برطانوی یوٹیوبر کے گذشتہ برس گم ہونے والے ایئرپوڈز کیسے ڈھونڈے؟

اردو نیوز  |  Jun 27, 2025

برطانوی شہری اور یوٹیوبر لارڈ مائلز، جن کے ایئرپوڈز گذشتہ برس ایک خلیجی ملک کے ہوٹل کے کمرے سے گم ہو گئے تھے، انہیں آج تقریباً ایک برس بعد پنجاب پولیس نے جہلم سے ڈھونڈ نکالا اور واپس اُن کے حوالے کر دیے۔

لارڈ مائلز نے اپنے ایپل کے ایئرپوڈز گم ہونے کے بعد ’فائنڈ مائی‘ فیچر کے ذریعے یہ پتہ لگایا کہ ان کے ایئرپوڈز جہلم میں موجود ہیں، جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور اپنے ایئر پوڈز واپس حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایئرپوڈز جہلم کیسے پہنچے؟جہلم پولیس کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) طارق عزیز سندھو نے برطانوی شہری کے ایئرپوڈز تلاش کرنے کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ جب برطانوی شہری کی سوشل میڈیا پوسٹ ہمیں نظر آئی اور انہوں نے ہم سے رابطہ کیا تو اس طرح ہمیں پتہ چلا کہ ایئرپوڈز جہلم میں موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں ہمارے لیے یہ خاصا مشکل کام تھا کہ ہم ایک چھوٹی سی ڈیوائس یعنی ایئرپوڈز کو کیسے تلاش کریں گے، تاہم ہم نے ان کی فراہم کردہ لوکیشن اور اپنے انسانی وسائل اور دیگر ٹیکنیکل ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے ایئرپوڈز کی صحیح جگہ تلاش کر لی، اور اس شخص تک بھی پہنچ گئے جس کے پاس یہ موجود تھے۔

ڈی پی او جہلم نے بتایا کہ ’جہلم میں موجود پاکستانی شہری نے جب ہمیں یہ بتایا کہ اس نے یہ ایئرپوڈز انڈیا کے ایک شہری سے خریدے ہیں، جو کہ خلیجی ملک میں مقیم تھا، تو اس کے بعد کیس ہمیں کچھ مختلف لگنے لگا۔ کیونکہ اگر ایک پاکستانی شہری نے کسی دوسرے ملک میں موجود شخص سے قانونی طور پر ایئرپوڈز خریدے ہیں تو وہ اصولی طور پر انہی کے تصور ہوتے ہیں، اور ہم ان سے زبردستی یہ ایئرپوڈز نہیں لے سکتے تھے۔‘

’لیکن ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ پاکستانی شہری نے اپنی خوشی کے ساتھ یہ فیصلہ کیا کہ اگر یہ واقعی چوری شدہ ایئرپوڈز ہیں تو وہ انہیں رضاکارانہ طور پر برطانوی شہری کو واپس کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ابتدا میں ہمارے لیے یہ خاصا مشکل کام تھا کہ ہم ایک چھوٹی سی ڈیوائس یعنی ایئرپوڈز کو کیسے تلاش کریں گے۔ (فائل فوٹو: جہلم پولیس)’یقین نہیں آ رہا کہ ایئرپوڈز جہلم سے مل گئے‘جہلم پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایئرپوڈز برآمد کرنے کے بعد برطانوی شہری لارڈ مائلز سے رابطہ کیا اور انہیں اس پیشرفت سے آگاہ کیا، جس پر برطانوی شہری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود جہلم آئیں گے اور اس پاکستانی شہری اور پولیس کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ایئرپوڈز بھی وہیں سے وصول کریں گے۔

جہلم پہنچنے کے بعد ڈی پی او آفس میں برطانوی شہری نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو سے ملاقات کی، جہاں ان کے گمشدہ ایئرپوڈز ان کے حوالے کیے گئے۔

اس موقع پر لارڈ مائلز نے پنجاب پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس غیرمعمولی صورت حال پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ ان کے ایئرپوڈز جہلم سے مل گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاید برطانیہ کی پولیس بھی یہ کارنامہ انجام نہ دے سکتی جو پنجاب پولیس نے کر دکھایا۔

لارڈ مائلز کا کہنا تھا کہ شاید برطانیہ کی پولیس بھی یہ کارنامہ انجام نہ دے سکتی جو پنجاب پولیس نے کر دکھایا۔ (فوٹو: جہلم پولیس)برطانوی یوٹیوبر نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ابتدا میں انہیں شک تھا کہ ان کے ایئرپوڈز کسی پاکستانی شہری نے چوری کیے ہیں، تاہم یہاں آ کر انہیں صورت حال مختلف نظر آئی، اور وہ اس پاکستانی شہری کے بے حد شکر گزار ہیں، جنہوں نے انڈین شہری سے خریدنے کے باوجود ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ ایئرپوڈز انہیں واپس کیے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More