کراچی میں مون سون کی بارش میں 2 روز کے دوران متفرق حادثات واقعات میں 2 کمسن بچوں سمیت 11 شہری جان سے چلے گئے جبکہ ہاکس بے اور ابراہیم حیدری میں 2 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔
ہماری ویب کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ سے شروع ہونے والے مون سون کے اسپیل میں ہفتے تک شہرقائد کے مختلف علاقوں لیاری، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن، پاک کالونی، منظور کالونی، کورنگی بلال کالونی، نیو کراچی، گولیمار فردوس کالونی، لیاری کھڈا مارکیٹ اور بوٹ بیسن میں حادثات رونما ہوئے۔
لیاری میں گھر کی چھت گرنے سے تین سالہ علیمہ اور اس کا والد 45 سالہ اسکول ٹیچر دانش جان سے چلے گئے، حادثے میں 30 سالہ بینش، 4 سالہ زبیدہ، 11 سالہ ایان اور 12 سالہ عاصم زخمی ہوئے۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی مبارک مسجد کے قریب گھر میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 21 احمد ولد علی حیدر جاں بحق ہوا۔ سائٹ بی کے علاقے سائٹ ایریا لیبر اسکوئر ممتاز مسجد کے قریب فلیٹ میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 22 سالہ کامران ولد اصغر جان سے گیا۔ پاک کالونی کے علاقے لیاری بکرا پیڑی پل کے قریب دیوار گرنے سے 28 سالہ وحید خان ولد موسم جاں بحق ہوگیا، متوفی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ بلوچ کالونی کے علاقے منظور کالونی سیکٹرآئی گلی نمبر 1 میں گھر کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 سالہ حسن ولد رضوان جاں بحق جبکہ 6 سالہ محمد حسین ولد رضوان اور40 سالہ رضوان ولد منیر زخمی ہوگئے۔
عوامی کالونی کے علاقے کورنگی بلال کالونی مرتضیٰ چوک کے قریب کرنٹ لگنے سے 16سالہ مدثر خان ولد سونا خان جاں بحق ہوا۔ نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 11J شان برف ڈپو کے قریب گھر میں کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے 40 سالہ گلفام ولد حاجی بشیر جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کا آبائی تعلق عمر کوٹ سے تھاجو پکوڑے سموسمے بیچتا تھا۔
گلبہار کے علاقے گولیمار فردوس کالونی لال مسجد کے قریب واقع پنکچر کی دکان پر کرنٹ لگنے سے 22 سالہ میر جان ولد منظور جاں بحق ہوگیا، متوفی پنکچر لگانے کا کام کرتا تھا۔ بغداد ی کے علاقے لیاری کھڈ ا مارکیٹ سمیر آرکیڈ کے قریب کرنٹ لگنے سے 41 سالہ عبداللہ ولد انور جاں بحق ہوگیا۔ متوفی پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری کا بھائی تھا۔
بوٹ بیسن کے علاقے میں واقع نجی اسپتال کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے۔ ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے سینڈز پٹ کے قریب سمندر میں ڈوب کر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت 22 سالہ ثاقب ولد علی کے نام سے ہوئی، متوفی اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ کورنگی ابراہیم حیدری کے علاقے بنگالی دھکا کے قریب سمندر میں ڈوب کر نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، متوفی کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے۔