اگر آپ فون پر گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ جیمنائی کو استعمال کرتے ہیں تو کمپنی نے اس میں ایک بڑی تبدیلی کی ہے۔
7 جولائی سے گوگل نے اپنے اے آئی چیٹ بوٹ کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں موجود تھرڈ پارٹی ایپس سے کمیونیکیٹ کرنے کے عمل کو تبدیل کیا ہے۔
اب گوگل جیمنائی میسجز، واٹس ایپس یا دیگر فونس ایپ کے ساتھ جڑ سکتا ہے۔
یہ تبدیلی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بائی ڈیفالٹ کی گئی ہے یا آسان الفاظ میں خودکار طور پر کام کرے گی، چاہے ڈیوائس میں جیمنائی ایپ آن ہو یا آف۔
ویسے تو اس اپ ڈیٹ کا مقصد جیمنائی کے لیے آپ کی ڈیوائس سے رابطے کو آسان بنانا اور مجموعی تجربے کو بہتر بنانا ہے، مگر خدشہ ہے کہ اس طرح گوگل کو آپ کی چیٹس اور دیگر ذاتی ڈیٹا تک رسائی مل سکتی ہے۔
گوگل سپورٹ پیج کے مطابق جیمنائی آپ کی سروسز سے جڑ کر مختلف کاموں میں زیادہ مدد فراہم کرسکے گا۔
مثال کے طور پر یہ اے آئی چیٹ بوٹ اب آپ کے لیے واٹس ایپ میسج بھیج سکے گا، ٹائمر سیٹ کرسکے گا بلکہ کالز بھی اسٹارٹ کرسکے گا۔
گوگل نے مزید بتایا کہ جیمنائی ایپ کو گوگل اے آئی افعال تک براہ راست رسائی حاصل ہوتی ہے جس دوران وہ آپ کے ذاتی ڈیٹا کو اسٹور کرتی ہے تاکہ بہتر سروس فراہم کرسکے۔
اگر آپ اینڈرائیڈ صارف ہیں تو جلد یا بدیر گوگل کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوگی جس میں اس تبدیلی سے آگاہ کیا جائے گا۔
ویسے آپ جیمنائی کی اس نئی تبدیلی کو ٹرن آف بھی کرسکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق اگر آپ اس فیچر کو نہیں چاہتے توایپ سیٹنگز میں جاکر اسے ٹرن آف کرسکتے ہیں۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ جیمنائی ایپ کو مکمل طور پر ڈیلیٹ کر دیں۔