پولیس سے تدفین کے متعلق کیا کہا؟ حمیرا اصغر کا بھائی میت لینے کراچی پہنچ گیا

ہماری ویب  |  Jul 10, 2025

اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی، نوید اصغر، لاہور سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے پولیس سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ اپنی بہن کی میت لاہور منتقل کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ اسے آبائی شہر میں دفنا سکیں۔

پولیس حکام کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ مہظور علی اور گزری تھانے کے ایس ایچ او فاروق احمد سنجرانی سے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ میت قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بھائی کے حوالے کر دی جائے گی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ، سید اسد رضا نے اس معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حمیرا کی موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے فارنزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اگر ان رپورٹس میں کوئی مشکوک پہلو سامنے آیا تو اس حوالے سے باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔

اس دوران ایک خاتون، جو خود کو حمیرا کی قریبی دوست ظاہر کرتی ہیں، سوشل میڈیا پر مختلف دعوے کرتی دکھائی دی ہیں۔ پولیس نے ان سے رابطے کی متعدد بار کوشش کی، تاہم ان کا موبائل نمبر مسلسل بند مل رہا ہے، اور اب تک کوئی بھی باقاعدہ طور پر پولیس کے سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ اداکارہ کی لاش اس وقت ملی تھی جب فلیٹ کے مالک نے عدالتی حکم کے تحت مکان خالی کرانے کے لیے پولیس کو درخواست دی۔ پولیس جب دروازے پر پہنچی تو اندر سے کوئی جواب نہ ملنے پر دروازہ توڑا گیا، اور تب جا کر حمیرا اصغر کی زندگی کی آخری خاموشی سب پر آشکار ہوئی۔

پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق، لاش اس حد تک گل سڑ چکی تھی کہ فوری طور پر موت کی وجہ بتانا ممکن نہیں تھا۔ اب تمام نظریں لیبارٹری رپورٹس پر لگی ہیں جو اس پر اسرار موت کے پردے اٹھا سکتی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More