اپر چترال کے علاقے موردیر سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت جڑواں بہنوں، عالینا اور شہنیلا نے دبئی میں ہونے والے عالمی مقابلے جی ای فیسٹیول میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سلور میڈلز اپنے نام کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹ میں عالینا نے 400 میٹر دوڑ میں جبکہ شہنیلا نے 800 میٹر دوڑ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دونوں بہنوں کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی سخت محنت اور عزم کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان، خصوصاً چترال کے لیے فخر کا لمحہ بھی ہے۔
جی ای فیسٹیول میں دنیا بھر سے نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی، جہاں ان جڑواں بہنوں کی نمایاں کارکردگی نے پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ ان کی کارکردگی ان کی غیرمعمولی صلاحیتوں، عزم، اور مؤثر تربیت کی آئینہ دار ہے۔
چترال کے عوام، تعلیمی و سماجی حلقوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد نے عالینا اور شہنیلا کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتی رہیں گی اور ملک کا نام روشن کریں گی۔