کراچی : دکانوں اور گوداموں میں بارش اور گٹر کا پانی داخل، تاجروں کو کروڑوں کا نقصان

ہماری ویب  |  Aug 20, 2025

بارش کا پانی سڑکوں، شاہراہوں پر کھڑا ہونے کے باعث شہر قائد میں جہاں ایک جانب شہریوں کی معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں وہیں کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہو کر رہ گئیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع بولٹن مارکیٹ، کھاردار، جامع کلاتھ اور دیگر ہول سیل اور ریٹیل کی بڑی مارکیٹوں کی دکانوں اور گوداموں میں پانی داخل ہوگیا ہے جس سے اجناس، کپڑے اور دیگر اشیا کو نقصان پہنچا ہے۔

شاہراہ فیصل پر نرسری فرنیچر مارکیٹ میں پانی داخل ہونے سے تاجروں کو بھاری نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کے علاوہ مختلف علاقوں میں گٹر بھی ابل پڑے ہیں جس کی وجہ سے گندا پانی دکانوں اور گوداموں میں داخل ہوگیا ہے۔

کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سے تجارتی اشیاء کی ترسیل بھی متاثر ہے، ریلوے اسٹیشنز اور ائیر پورٹ آنے جانے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، موبائل کمپنیوں کی نیٹ ورک کئی علاقوں میں مکمل طور پر جبکہ اکثر علاقوں میں جزوی طور پر متاثر ہیں جس سے شہریوں کو رابطے میں دقت پیش آرہی ہے۔

سائٹ، کورنگی سمیت دیگر صنعتی علاقوں میں مزدور نہ پہنچنے کی وجہ سے فیکٹریوں اور کارخانوں میں کام نہ ہونے کے برابر ہے، مسلسل دوسرے روز شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کی شکایات موصول ہورہی ہیں، مقامی سبزی وپھل منڈی میں پانی کھڑا ہے جبکہ راستے بھی کلیئر نہ ہونے سے سبزیوں، پھلوں اور دودھ وبیکری آئٹمز کی ترسیل متاثر ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More