ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی حتمی میڈیکو لیگل رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، جس نے ان کی موت پر شکوک و شبہات کو جنم دے دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حمیرا اصغر کے کپڑوں پر خون کے نشانات پائے گئے ہیں۔ ان کی ٹی شرٹ اور ٹراؤزر پر خون موجود تھا جبکہ کپڑوں سے ڈی این اے بھی حاصل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کی لاش مکمل حالت میں موجود نہیں تھی بلکہ صرف ہڈیاں دستیاب تھیں، تاہم تمام ہڈیاں سلامت پائی گئیں۔ جسمانی اعضا نہ ملنے کے باعث موت کی اصل وجہ کا تعین ممکن نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بلڈ اور ڈی این اے سے متعلق کوئی ڈیٹا بینک موجود نہیں ہے، اور اگر ایسی سہولت دستیاب ہوتی تو کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ممکن تھی۔
دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ نے ہماری ویب سے گفتگو میں کہا ہے کہ پولیس کو تاحال کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔