’اپنی محنت سے کمایا‘: اکشے کمار کا ’پیسے کا پجاری‘ کہنے والوں کو جواب

اردو نیوز  |  Sep 22, 2025

بالی وُڈ کے معروف اداکار اور پروڈیوسر اکشے کمار کا شمار انڈیا کے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے فنکاروں میں ہوتا ہے۔ حالیہ دنوں وہ اپنی نئی فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ کی پروموشن میں مصروف نظر آئے۔ اسی سلسلے میں وہ مشہور ٹی وی شو ’آپ کی عدالت‘ میں پیش ہوئے، جہاں اُنہوں نے خود پر ’پیسے کا پجاری‘ ہونے کے الزام پر کھل کر بات کی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اکشے کمار نے کہا کہ ’اگر پیسہ کمایا ہے تو لوٹ کے نہیں کمایا، میں نے محنت سے کمایا ہے۔ گذشتہ آٹھ برسوں سے میں انڈیا کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شخص ہوں۔ تو پھر یہ کیسے کہا جا سکتا ہے کہ میں صرف پیسے کے پیچھے ہوں؟ پیسہ زندگی کا ایک اہم پہلو ہے، آپ کو حقیقت کے مطابق چلنا پڑتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں پیسہ کماتا ہوں، ٹیکس دیتا ہوں، اور اُس پیسے سے کافی خدمت بھی کرتا ہوں۔ یہ میرا دھرم ہے۔ باقی لوگ جو چاہے بولیں، میں کسی بات پر یقین نہیں کرتا۔ اگر کسی تقریب میں جانے کے پیسے ملتے ہیں، اور کوئی دینے کو تیار ہے، تو اس میں کیا مسئلہ ہے؟‘

’جب تک آپ کسی سے چوری یا دھوکہ نہیں دے رہے، اور محنت سے کما رہے ہیں، تو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا اگر لوگ مجھے ’پیسے کا پجاری‘ کہتے ہیں۔‘

اکشے کی نئی فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھا رہی ہے۔ (فوٹو: یوٹیوب)اکشے کمار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کئی برس قبل انہیں ایک فلم مکمل کرنے کے لیے اپنی جیب سے پیسہ لگانا پڑا تھا، کیونکہ پروڈیوسر مالی مشکلات کا شکار تھا۔

اکشے کی نئی فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ گذشتہ جمعے کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی، جس میں ارشد وارثی اور سوربھ شکلا بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم نے اب تک 45 کروڑ انڈین روپے سے زائد کا بزنس کر لیا ہے، اور باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھا رہی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More