"میں نے جب عدالت میں قدم رکھا تھا تو مجھے یقین نہیں تھا کہ میں یہ سب کر پاؤں گی، لیکن آج مجھے فخر ہے کہ میں نے نہ صرف کیس لڑا بلکہ جیت بھی لیا۔" تحریم منیبہ
پاکستانی اداکارہ کومل میر نے اپنے کیریئر میں زیادہ تر رومانوی کردار نبھائے ہیں، مگر اس بار انہوں نے ایک بالکل مختلف کردار چُنا ہے۔ ہم ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ گونج ایک حساس مگر اہم موضوع, ورک پلیس ہراسمنٹ پر مبنی ہے اور اس کی کہانی کسی فکشن نہیں بلکہ حقیقت سے جڑی ہے۔
یہ ڈرامہ دراصل تحریم منیبہ کی زندگی سے متاثر ہے، جو ایک جرات مند وائس اوور آرٹسٹ ہیں۔ تحریم نے اپنی زندگی میں ہراسانی کا سامنا کیا لیکن خاموش رہنے کے بجائے انہوں نے آواز بلند کی۔ نہ صرف کیس فائل کیا بلکہ وکیل کے بغیر خود عدالت میں کھڑی ہو کر انصاف کے لیے لڑیں۔
ان کی ہمت اور کہانی نے مشہور پروڈیوسرز وجاہت رؤف اور شازیہ وجاہت کی توجہ حاصل کی، جنہوں نے ان سے رابطہ کیا اور ان کی زندگی کو ڈرامے کی شکل دی۔ آج تحریم اپنی جیت پر فخر محسوس کرتی ہیں اور یہ ڈرامہ نہ صرف ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے بلکہ ہزاروں خواتین کو اپنی آواز بلند کرنے کا حوصلہ بھی دے رہا ہے۔
کومل میر نے اپنے فیس بک پر بتایا کہ وہ تحریم کا کردار ادا کر رہی ہیں اور اس بات پر خوش ہیں کہ وہ ایک ایسی کہانی کا حصہ ہیں جو معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔