تھرپارکر کی سرحد سے متصل گاؤں سنورانی میں اس وقت افسوسناک واقعہ پیش آیا جب بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے سرحد پار جانے والی بکریوں پر گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں آٹھ بکریاں ہلاک اور چوالیس سے زائد زخمی ہوگئیں۔ عام طور پر سرحد عبور کرنے والے مویشیوں کو واپس کردیا جاتا ہے، لیکن اس بار بھارتی فورسز نے غیر معمولی سخت رویہ اختیار کیا۔
مویشیوں کے مالکان کے مطابق زخمی بکریوں میں سے بیشتر کی ٹانگیں ٹوٹ چکی ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ زخمی حالت کے باعث 43 بکریاں فروخت کرنی پڑیں جبکہ باقی 11 بکریوں کا علاج جاری ہے۔ واقعے کے بعد مقامی دیہات میں غم و غصے کی فضا پھیل گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے بھارتی فورسز کی جانب سے جانوروں پر ظلم کی سخت مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کا یہ رویہ نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ سرحدی آداب اور امن کے ضابطوں کے بھی خلاف ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ مالکان کو فوری امداد فراہم کی جائے اور معاملہ وفاقی حکومت کے نوٹس میں لایا جائے۔