پاکستان امن کا خواہاں ہے ، بھارت نے پاکستان کا امن تباہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، فوج اور پولیس کی قربانیوں سے ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کیا ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب

اے پی پی  |  Aug 04, 2021

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت نے پاکستان کا امن تباہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، اگلے کچھ مہینوں میں سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، بھارت پاکستان کا امن برباد کرنے کے در پر ہے اور لاہور واقعہ میں بھی بھارت ملوث تھا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم اور دہشت گردی کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے ، پولیس کی بے پناہ قربانیوں اور ان کے مسائل کا ادراک ہے۔فوج اور پولیس کی قربانیوں سے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کیا ، پاکستان کی افواج اور پولیس نے پاکستان کے تحفظ کیلئے اپنا خون پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ اگلے کچھ مہینوں میں سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا امن برباد کرنے کے در پر ہے اور لاہور واقعہ میں بھی بھارت ملوث تھا۔بھارت نے پاکستان کا امن تباہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، دنیا کی سپر پاورز بھی دہشت گردی پر قابو نہ پا سکیں مگر پاکستان نے تن تنہا اس چیلنج پر قابو پایا۔

انہوں نے کہاکہ میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور ان کے غم میں شریک ہوتا ہوں۔ مجھے فخر ہے کہ شہدا کے خاندان اپنے سپوتوں کی شہادت پر فخر کرتے ہیں، دنیا کی کوئی قوم اپنے شہیدوں اور ملک کیلئے اتنی محبت نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہراول دستہ ہے ۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کی استعداد کار بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم اور دہشت گردی کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے، ڈرون کیمرے اور ٹیلی فون ڈیٹا کے تجزیئے سے جرائم کی تحقیقات میں مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے زخمی اہلکاروں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ صدر مملکت نے پولیس کے شہدا کے لواحقین کو مالی امداد اور بچوں کو نوکریاں دینے پر پولیس کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہید قوم کو نئی زندگی دیتے ہیں اور شہدا کے بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری ریاست کو اٹھانی چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے درست فیصلوں کی بدولت کورونا پر قابو پایا اور بھارت کے برعکس پاکستان میں حالات بہتر رہے۔ علما، میڈیا اور قوم کے تعاون سے حالات کنٹرول میں رہے، کرپشن قوم کو گھن کی طرح کھا جاتی ہے اور پاکستان ایماندار قیادت کی بدولت ہی ترقی کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قوم نے مل کر کورونا وباء کا مقابلہ کیا ، وزیراعظم عمران خان نے دانشمندانہ فیصلے کئے ، قوم نے احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ، علمائے کرام اور میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا ۔

اِس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اورانسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس قاضی جمیل الرحمن نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری ، سیکرٹری داخلہ ، پولیس کے اعلیٰ حکام اور پولیس شہداء کے ورثاء اور اہلخانہ نے شرکت کی ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More