بھارت سےمذاکرات5اگست کےاقدامات واپس لینےسےمشروط ہیں،شاہ محمود

سماء نیوز  |  Aug 05, 2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کو بات چیت سے پہلے ماحول سازگار بنانا ہوگا۔ پاکستان بات چیت کیلئے تیار ہے لیکن بھارت کو 5 اگست کا اقدام واپس لینا ہوگا۔

اسلام آباد میں بدھ 4 اگست کو میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کے اقدام کیخلاف کشمیری متحد ہوگئے ہیں۔ بھارت کو اپنے اس اقدام پر نظر ثانی کرنا پڑے گی۔ بھارت کی کشمیر پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ آر ایس ایس اور ہندوتوا سوچ نے بھارت کو کمزور کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتی برادری انتہا پسندانہ سوچ سے ناخوش ہے۔ بھارت میں ہندوتوا سوچ کیخلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ کشمیریوں کو جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیریوں کی قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں طرف مقیم کشمیریوں نے آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کی میز پر آنے کے لئے تیار ہے۔ اب یہ دیکھنا ہے کہ بھارت مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر رضامند ہے یا نہیں۔

کشمیری عوام کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کو یقین دلایا کہ پاکستان ان کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کیلئے بھارت کے 2019 کے غیر قانونی اقدام پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرلز کو خط لکھ کر تازہ ترین صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا اپنے خط میں کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں طویل ترین کرفیو اور لاک ڈاؤن انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالنے کی ذمہ داری پوری کرے۔ 15 ہزار سے زیادہ کشمیری نوجوان بھارت کی قید میں ہیں، جب کہ ماورائے عدالت ہلاکتوں کا سلسلہ بھی رکنے میں نہیں آرہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More