صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ۔۔ مشتاق احمد سمیت 200 گرفتار، دنیا بھر میں احتجاج

ہماری ویب  |  Oct 02, 2025

اسرائیلی فورسز نے بحیرۂ روم میں امدادی مشن لے جانے والی "گلوبل صمود فلوٹیلا" کو نشانہ بنایا اور کارروائی کے دوران مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد کارکن گرفتار کر لیے۔ گرفتار ہونے والوں میں سویڈن کی ماحولیات پر کام کرنے والی سرگرم رہنما گریٹا تھنبرگ اور پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔ مشتاق احمد پاکستانی وفد کی سربراہی کر رہے تھے اور انہیں جہاز پر چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔

فلوٹیلا کے منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ 13 کشتیوں کو اسرائیلی نیوی نے روکا، جن پر مجموعی طور پر 37 ممالک کے افراد سوار تھے۔ اسپین، اٹلی، ترکی اور ملائیشیا سے بڑی تعداد میں رضاکار بھی شریک تھے۔ تاہم فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابو کشیک نے کہا کہ مشن ختم نہیں ہوا، ابھی 30 جہاز غزہ کے ساحل تک پہنچنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کے بقول تمام رضاکار پُرعزم ہیں کہ محاصرہ توڑنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا کہ جہازوں کو "محفوظ انداز میں" روکا گیا ہے اور مسافروں کو اسرائیلی بندرگاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسی دوران اسرائیلی حکومت نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں گریٹا تھنبرگ کو لے جاتے ہوئے دکھایا گیا۔

دوسری طرف دنیا بھر میں اس کارروائی پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ یورپ اور جنوبی امریکا کے کئی ملکوں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ استنبول میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ ہوا جبکہ پاکستان میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر آج سہ پہر دو بجے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

فلوٹیلا کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران اسرائیلی کمانڈوز نے جہازوں پر موجود ریکارڈنگ آلات کو بھی بند کیا تاکہ مناظر دنیا تک نہ پہنچ سکیں۔ ایک مبصر کشتی محفوظ رہنے میں کامیاب ہوئی جس نے گرفتاریوں اور چھاپوں کی خبر عالمی میڈیا تک پہنچائی۔

یہ تازہ ترین واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ غزہ کے لیے امداد پہنچانے کی عالمی کوششیں سخت رکاوٹوں کے باوجود جاری ہیں، اور دنیا بھر میں ان کے حق میں آوازیں مزید بلند ہو رہی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More