ارطغرل غازی کی حلیمہ 'پشاور زلمی' کی سفیر بنیں گی؟

وائس آف امریکہ اردو  |  Jul 06, 2020

ویب ڈیسک — 

ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی ہیروئن حلیمہ سلطان (اسرا بلجیک) کیا پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر بن جائیں گی ؟ چند دنوں سے یہ سوال سوشل میڈیا پر گردش میں تھا تاہم اب خود اسرا نے اس کا عندیہ دیا ہے۔

اسرا نے اتوار کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ پشاور زلمی کے حوالے سے جلد خوش خبری سنائیں گی۔ تاہم انہوں نے اس خوش خبری کی وضاحت نہیں کی۔

اس سے قبل وہ پاکستان کا دورہ کرنے اور وہاں ماڈلنگ کی بھی خواہش کا اظہار کر چکی ہیں۔

اسرا کی اتوار کو کی جانے والی ٹوئٹ کے جواب میں پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز 'پشاور زلمی' کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اسرا سے چند دن قبل جاوید آفریدی نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے پشاور زلمی کے مداحوں سے سوال کیا تھا کہ اگر 'ارطغرل غازی' کی حلیمہ سلطان (اسرا بلجیک) زلمی کی ٹیم میں شامل ہو جائیں تو کیسا رہے گا؟

جاوید آفریدی کی ٹوئٹ کا بیشتر صارفین نے مثبت جواب دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا۔

ترکش ڈرامہ 'ارطغرل غازی' رواں برس اپریل سے قسط وار سرکاری ٹی وی 'پی ٹی وی' سے نشر کیا جا رہا ہے جسے پاکستانی ناظرین میں پذیرائی مل رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی آئے دن اس ڈرامے خاص کر اس کی ہیروئن اسرا بلجیک کے حوالے سے بحث ہوتی رہتی ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان بھی اس ڈرامے سے متعلق عوام کو کہہ چکے ہیں کہ وہ اس ڈرامے کو دیکھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More