ٹریلرناکامی کےبعد”سڑک2″کاگانا پاکستانی گانےکاچربہ نکلا

سماء نیوز  |  Aug 14, 2020

تصویر: ٹوئٹر

بھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی آنے والی فلم ” سڑک 2 ” کیلئے آثار کچھ اچھے دکھائی نہیں دیتے۔ ٹریلرریلیز کے بعد یو ٹیوب پر80 لاکھ افراد کی جانب سے ناپسندیدگی کیاکم تھی کہ اب اس فلم کے سب سے زیادہ پسند کیےجانے والے گانے “عشق کمال”کی دھن ہوبہو پاکستانی گانے کا چربہ نکلی۔

فلم “سڑک 2″ سال 1991 میں ریلیزکی جانے والی مہیش بھٹ کی ہی فلم ” سڑک ” کا سیکوئل ہے جس میں پوجا بھٹ اور سنجے دت نے مرکزی کردارادا کیے تھے۔

اقربا پروری کے الزامات کا شکار اس فلم کا مرکزی گانا ” عشق کمال ” 2011 میں کمپوز کیے جانے والے پاکستانی گانے ” ربا ہو” کا چربہ ہے۔

گلوکاراورڈائریکٹرو پروڈیوسرشیزان سلیم نے ٹوئٹرپرشیئرکی جانے والی ویڈیومیں دونوں گانے سنواتے ہوئے لکھا کہ یہ گانا اپنے دوست زید کیلئے کمپوزکیا تھاجسے کاپی کرلیا گیا ہے۔

شیزان سلیم معروف پاکستانی گلوکارسلیم جاوید کے بیٹے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ میں معاملے پرخاموش نہیں رہوں گا۔

معاملہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مہیش بھٹ سمیت بھٹ فیملی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک خاتون صارف نے سدا بہار پاکستانی گانے ” تو میری زندگی ہے” کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کی پرانی روایت ہے جس پر شیزان جاوید نے مہیش بھٹ کا دفاٰع کرتے ہوئے لکھا” بھٹ صاحب کے حوالے سے یہ نہیں کہہ سکتا، وہ 2005 میں کراچی میں میرے گھر آئے اور اپنی فلموں کیلئے چند گانے منتخب کیے جو میں نے اپنے والد کیلئے پروڈیوس کیے تھے، لیکن پاک بھارت تعلقات میں تناو کے باعث وہ ریلیز نہیں ہوسکے”۔

اپنی ٹویٹ میں شیزان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سرقہ کی بابت میوزک پروڈیوسرز سے پوچھنا چاہیے۔

اس سے قبل “سڑک 2 ” کا ٹریلربھی ناکامی سے دوچار ہوچکا ہے جس کی بڑی وجہ بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے پیچھے اقربا پروری کے محرکات ہیں، فلم میں عالیہ بھٹ ہیں جو اس الزام کی زد میں آئیں اورصارفین کی بڑی تعداد نے یہ فلم ٹریلردیکھ کر ہی مسترد کردی۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں سنجے دت، پوجا بھٹ، عالیہ بھٹ اور ادیتیا رائے کپور شامل ہیں۔ جبکہ مہیش بھٹ نے تقریبا 20 سال بعد بطورڈائریکٹرکام کیا ہے ۔

دوسری جانب گانے “عشق کمال” کے کمپوزر سنیل جیت نے نقالی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میری اوریجنل کمپوزیشن ہے جس کی کسی دوسرے گانے سے مماثلت نہیں۔ گلوکار جاوید علی سمیت اس گانے کی تیاری ہر فرد نےاپنا جادو شامل کیا ہے۔

سنیل جیت کے مطابق بطوریہ میرا آغاز ہے اور میں پرامید ہوں کہ کہ گانا سامنے آنے پر لوگ پسند کریں گے۔ شالو واش اور میں نے سڑک 2 کے میوزک سے وابستہ توقعات کو پورا کرنے کیلئے پورے دل سے کام کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمزمیں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پوجا بھٹ کہہ چکی ہیں کہ سڑک 2 کے ذریعت نیا میوزک ٹیلنٹ متعارف کرایا جائے گا۔ پوجا نے اس گانے کا سہرا چندی گڑھ کے ایک میوزک ٹیچرکے سر سجایا تھا۔

کرونا کے باعث بھارتی سینمازبند ہونے کی وجہ سے ” سڑک 2″ 28 اگست کوڈزنی پلس ہاٹ سٹارپرریلیزکی جائےگی ۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More